بیوی کے طلاق کے مطالبہ پر شوہر کی خودکشی

حیدرآباد 28 فروری ( سیاست نیوز) میاں بیوی کے جھگڑوں کے درمیان بیوی کی جانب سے طلاق کے مطالبہ پر دلبرداشتہ ایک شخص نے خودکشی کرلیا۔ اس شخص کی شادی گذشتہ ماہ جنوری 2014 میں ہوئی تھی۔ گھٹکیسر پولیس ذرائع کے مطابق 37 سالہ فضل الرحمن نے یہ انتہائی اقدام کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس نے کولڈرنک میں نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا۔ فضل الرحمان جیڈ ی میٹلہ علاقہ کے ساکن نور بیگ کا بیٹا تھا جو پیشہ سے ڈرائیور بتایا گیا ہے۔ اس کی شادی جاریہ سال 9 جنوری کو ہوئی تھی ۔ پولیس ذرائع نے یہ بات بتائی۔ شادی کے چند روز بعد میاں بیوی میں معمولی بات پر جھگڑا ہونے لگا اور ان جھگڑوں کو دیکھ کر فضل الرحمان کی بیوی 20 سالہ شمشاد بیگم نے اپنے مائیکے کا رُخ کیا جس کے بعد فضل الرحمن بھی اپنے سسرال میں رہنے لگا لیکن یہاں بھی میاں بیوی کے جھگڑے تھمے نہیں اور اس کی بیوی نے طلاق کا مطالبہ کردیا جس سے تنگ آکر کل دوپہر فضل الرحمن نے انتہائی اقدام کرلیا اور رات دیر گئے فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔