بیوی کی مدد سے مقروض خاتون کی عصمت ریزی

حیدرآباد۔/8جنوری، ( پی ٹی آئی) پولیس نے کہا ہے کہ ضلع میدک میں پیش آئے ایک عجیب و غریب واقعہ میں ایک شخص نے ایک 35سالہ خاتون کی خود اپنی ہی بیوی کی مدد سے مبینہ طور پر عصمت ریزی کی۔ یہ واقعہ گزشتہ رات پیش آیا۔ میدک کے پٹن چیرو منڈل کے تحت چنا کنجرلہ گاؤں میں واقع متاثرہ خاتون کے گھر میں ایم نرسملو نے مبینہ طور پر اپنی بیوی سشیلا کی مدد سے اس کی عصمت ریزی کی۔متاثرہ خاتون اس جوڑے کو گزشتہ چھ سال سے 30ہزار روپئے کا قرض باقی تھی۔ اس ضمن میں اگرچہ ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے اور متاثرہ خاتون کو طبی معائنہ کیلئے روانہ کردیا گیا ہے۔

خطرناک نکسلائیٹس لیڈر کی خود سپردگی
حیدرآباد۔/8جنوری، ( این ایس ایس ) ریاستی پولیس کو آج اسوقت ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی جب ایک خطرناک نکسلائیٹ لیڈر اوسیندی عرف جی وی کے پرساد نے اپنی اہلیہ کے ساتھ ہتھیار ڈال دیئے۔ باوثوق ذرائع کے بموجب گڈسا اوسیندی جو کہ ممنوعہ ماویسٹ پارٹی کے دنڈا کرنیا اسپیشل زون کمیٹی کا ترجمان ہے اسپیشل انٹلی جنس بیورو کی تحویل میں ہے جس کے سر پر 20لاکھ روپئے کا انعام تھا۔ ضلع ورنگل میں کڑوینڈی گاؤں کا متوطن اوسیندی گذشتہ 25سال سے نکسلائیٹس تحریک سے وابستہ تھا۔