بیوی کو نذر آتش کرنے والے شوہر کو سزا

حیدرآباد ۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) بیوی کو زندہ جلانے والے شخص کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی۔ بتایا جاتا ہے کہ 36 سالہ شخص غلام مصطفی جو شاہین نگر علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے اس شخص کو ایل بی نگر کی مقامی عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی ہے اور 2 ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ بالاپور پولیس کے مطابق اس شخص نے جو پیشہ سے مسجد میں امامت کرتا تھا۔ سال 2014 ء میں اس کی بیوی کو زندہ جلادیا تھا۔ ذرائع کے مطابق غلام مصطفی کی شادی سال 2008 ء میں رقیہ بیگم سے ہوئی تھی جن کی عمر 28 سال بتائی گئی۔ ان کے تین بچے تھے جن میں ایک فوت ہوگیا۔ سزا یافتہ شخص اکثر بیوی سے جھگڑا کرتا تھا اور اس خاتون کو ہراسانی کا شکار بناتا تھا۔ 16 ستمبر 2014 ء کے دن امام گھر پہونچا اور اس نے بیوی سے پیر دبانے اور مساج کرنے کی خواہش کی لیکن صحت ناساز ہونے کے سبب امام کی بیوی نے خدمت سے انکار کردیا۔ اس بات پر شدید برہم شخص نے بیوی پر پٹرول چھڑک کر آگ لگادی۔ شدید زخمی حالت میں خاتون کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران خاتون 16 ستمبر کے دن فوت ہوگئی۔ پولیس نے پہلے قاتلانہ حملہ اور اس کے بعد قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات انجام دی اور چارج شیٹ داخل کرتے ہوئے عدالت میں پیش کیا۔ ایل بی نگر کی ایک عدالت نے اس شخص کو عمر قید کی سزا سنائی۔