بینکوں کو 4000 کروڑ روپئے ادا کرنے وجئے ملیا کی تجویز

نئی دہلی ۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شراب کے کاروباری وجئے ملیا اور ان کی کنگ فشر ایئرلائنس کمپنی نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے زیرقیادت مختلف بینکوں کے کنزورشیم کو 6903 کروڑ روپئے مالیتی قرض کے منجملہ 4000 کروڑ روپئے کی ستمبر تک بازادائیگی کی تجویز کے ضمن میں سپریم کورٹ میں آج ایک سربمہر لفافہ پیش کیا۔ ملیا کنگ فشر کے علاوہ یہ تجویز یونائیٹیڈ بریوریز (ہولڈنگس) لمیٹیڈ اور کنگ فشر فنویسٹ (انڈیا لمیٹیڈ) کے ساتھ پیش کی گئی۔ جسٹس کورین جوزف اور جسٹس عارف نریمان پر مشتمل بنچ نے بینکوں کے کنزورشیم کو اس تجویز پر جواب دینے کیلئے ایک ہفتہ کا وقت دیتے ہوئے آئندہ سماعت 7 اپریل کو مقرر کی ہے۔ کنگ فشر اور ملیا کی طرف سے رجوع ہوتے ہوئے ایک سینئر وکیل سی ایس ودیاناتھن نے کہا کہ انہوں نے بینکوں کے کنزورشیم کو ایک تجویز پیش کی ہے کہ موجودہ حالات کے تحت کیا کیا جاسکتا ہے۔