بینظیر بھٹو کے اثاثوں کی تفصیلات طلب

اسلام آباد۔25 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ میں این آر او عملدرآمد کیس میں آصف زرداری کی نظرثانی درخواست پر عدالت نے سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی ملکیتی وراثتی اثاثوں کی تفصیلات مانگ لیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ آصف علی زرداری اپنے اور بچوں کے اثاثوں کی تفصیلات 15دن میں دیں، وہ ترکے میں ملنے والے اثاثوں کی تفصیلات بھی فراہم کریں۔سابق صدر آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت سے استدعا کی کہ 5 سال تک کی تفصیلات لے لیں قانون صرف 5 سال کیلئے ہے۔تاہم عدالت نے ہدایت کی کہ 10 سال کی تفصیلات فراہم کریں۔فاروق نائیک نے پھر استدعا کی کہ خودمختار بچوں کے اثاثوں کی تفصیلات بھی نہ طلب کی جائیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ اب تو تمام بچے بالغ اور خودمختار ہیں،شادی تک بچیاں زیر کفالت رہتی ہیں۔انھوںنے کہا کہ آصف زرداری 8مقدمات میں شریک ملزم تھے، اگر آپ بیان حلفی نہیں دینا چاہتے تو نہ دیں۔جسٹس اعجاز الاحسن نے فاروق نائیک سے استفسار کیا کہ کیا تمام ریکارڈ آپ نے خود ضائع کردیئے؟فاروق نائیک نے جواب دیا کہ میں نے ریکارڈ کے بارے میں امکان ظاہر کیا، آرٹیکل 184 کی شق 3 کے تحت آصف زرداری سے بیان حلفی طلب کیا گیا ہے۔