بیلی کی آسٹریلیائی ٹسٹ ٹیم میں شمولیت

سڈنی 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )جارج بیلی انگلینڈ کے خلاف آئندہ ہفتہ منعقد شدنی ایشس سیریز کے پہلے مقابلے میں شرکت کرتے ہوئے اپنے ٹسٹ کیرئیر کا آغاز کریں گے جبکہ سلیکٹروں نے فاسٹ بولر میچل جانسن کو بھی پہلے ٹسٹ کیلئے معلنہ 12 رکنی ٹیم میںدوبارہ طلب کرلیا ہے ۔بیلی کو ہندوستان کے خلاف منعقدہ 7 ونڈے مقابلوں کی سیریز میں 95.60کی اوسط سے 478 رنز بناتے ہوئے شاندار مظاہرہ کا صلہ ملا ہے اور انہیں ٹسٹ کیرئیر کے آغاز کا موقع فراہم کیا گیا ہے ۔ہندوستان کے دورہ پر بیلی میں آسٹریلیائی ٹیم کی کپتانی کی تھی ۔ 21 نومبر کو منعقد شدنی پہلے ٹسٹ کیلئے 12 رکنی ٹیم کا انتخاب کرنے کے بعد نیشنل سلیکٹر جان انور اریٹی نے کہا کہ 31 سالہ بیلی کی شمولیت ان کے حالیہ شاندار مظاہروں کے علاوہ بیٹسمین کے پُر سکون مزاج اور بلند حوصلوں کا نتیجہ ہے ۔ بیلی کو تسمانیہ کے با صلاحیت بیٹسمین الیکس ڈولن پر ترجیح دی گئی ہے اس پر اظہار خیال کرتے ہوئے جان نے کہا کہ گذشتہ رات ٹیم کے انتخاب کے دوران بیلی اور الیکس کو منتخب کرنے طویل تبادلہ خیال کیا گیا جہاں بیلی کو شاندار فارم کی وجہ سے ترجیح دی گئی ۔ 12 رکنی ٹیم میں زخمی آل راونڈ ر شین واٹسن کو بھی شامل کیا گیا ہے اور ان کے متعلق سلیکٹروں نے امید ظاہر کی کہ وہ پہلے ٹسٹ سے قبل مکمل صحتیاب ہوجائیں گے ۔معلنہ 12 رکنی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے :مائیکل کلارک (کپتان )،ڈیویڈ وارنر ،کرس راجر ،شین واٹسن ،اسٹیو اسمتھ ، جارج بیلی ،براڈ ہاڈین ،میچل جانسن ، پیٹر سیڈل ،ریان ہارس ،ناتھن لیون اور جیمس فالکنر ۔
حیدرآباد ۔ مہاراشٹرا آج رانجی ٹرافی مقابلہ کا آغاز
حیدرآباد 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) میزبان حیدرآباد خواہاں ہے کہ وہ کل یہاں مہاراشٹرا کے خلاف شروع ہونے والے مقابلے میں بہتر مظاہرہ کریں جیسا کہ گروپ سی میں رانجی ٹرافی کا یہ مقابلہ کل یہاں حیدرآباد میں شروع ہورہا ہے ۔ رواں سیزن حیدرآباد میں اپنے رانجی ٹورنمنٹ میں ابتدائی دو مقابلوں کو ڈرا کیا ہے جبکہ مہاراشٹرا نے گذشتہ ہفتہ پونے میں منعقدہ تریپورہ کے خلاف اپنے مقابلے میں کامیابی کے ذریعہ سیزن کا بہتر آغاز کیا ہے ۔حیدرآباد جس نے اپنا آخری مقابلہ یہاں آندھرا کے خلاف کھیلا تھا جوبغیر کسی نتیجہ کے اختتام پذیر رہا ۔حیدرآباد ی ٹیم میں حبیب احمد ،انور احمد ،احمد قادری ،ایم اے قادر اور مہدی حسن پر توجہ مرکوز ہے ۔