بیلٹ اینڈ روڈ چوٹی اجلاس میں شرکت کیلئے نواز شریف چین روانہ

اسلام آباد ۔ 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان  نواز شریف دو روزہ بیلٹ اینڈ روڈ کانفرنس میں شرکت کیلئے چین روانہ ہوگئے۔ یاد رہیکہ یہ ایک ایسا تعمیراتی پراجکٹ ہے جس کا کچھ حصہ مقبوضہ کشمیر سے گذرے گا۔ دی بیلٹ اینڈ روڈ  فورم فار انٹرنیشنل کوآپریشن کے اس چوٹی اجلاس میں توقع ہیکہ 28 ممالک کے قائدین شرکت کریں گے۔ اجلاس کا آغاز اتوار کو ہوگا اور حکومت چین کی یہ خواہش ہیکہ اس کانفرنس کو مندرجہ بالا تعمیراتی راہداری کے عالمی سطح پر قبول کئے جانے کے طور پر پیش کرے۔ 46 بلین ڈالرس کے اس تاریخی پراجکٹ کو چائنا۔ پاکستان اکنامک کوریڈور (CPEC) بھی کہا  جاتا ہے۔ شریف کے دورہ پر متعدد معاہدوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے چونکہ اس پراجکٹ کا کچھ حصہ مقبوضہ کشمیر سے ہوکر گزرے گا لہٰذا ہندوستان کا اعتراض کرنا فطری بات ہے۔ ہندوستان نے اب تک اس فورم میں شرکت کی توثیق نہیں کی ہے۔ امریکہ اور دیگر معربی ممالک نے اجلاس میں شرکت کو یا تو بالکل نظرانداز کردیا یا پھر شرکت کیلئے ملک  کے کسی نمائندہ کو روانہ کردیا۔ نواز شریف کے اس دورہ میں ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی شامل ہے جس میں چار وزرائے اعلیٰ اور کچھ وفاقی وزراء بھی ہیں۔