بیف فیسٹول میں رکاوٹ ‘ راجہ سنگھ کے خلاف منتظمین کی شکایت

حیدرآباد 30 نومبر ( آئی این این ) عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبا نے آج بی جے پی رکن اسمبلی ڈی راجہ سنگھ کے خلاف عثمانیہ یونیورسٹی پولیس اسٹیشن میںشکایت درج کروائی ۔ ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ 10 ڈسمبر کو کیمپس میں بیف فیسٹول کے انعقاد میں رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں۔ بیف فیسٹول کے آرگنائمرس کا کہنا ہے کہ بی جے پی رکن اسمبلی اس فیسٹول کے سلسلہ میں تنازعہ پیدا کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی حکومت عوام کو ان کی پسند کی غذا استعمال کرنے سے بھی روک رہی ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یونیورسٹی کے احاطہ میں بیف فیسٹول کا بہر قیمت انعقاد عمل میں لایا جائیگا ۔