بیرون ملک یونیورسٹیز میں تعلیم کیلئے اقلیتوں کو اوورسیز اسکالر شپس کی راہ ہموار

حکومت سے 12 کروڑ 50 لاکھ کی اجرائی ، طلبہ کے اکاونٹس میں رقومات جمع کئے جائیں گے
حیدرآباد۔/30اکٹوبر، ( سیاست نیوز) بیرون ملک یونیورسٹیز میں تعلیم کیلئے اقلیتوں کو اوورسیز اسکالر شپ کے تحت پہلی قسط کی اجرائی کی راہ ہموار ہوچکی ہے کیونکہ حکومت نے اس اسکیم کیلئے مختص کردہ بجٹ کا 50فیصد حصہ آج جاری کردیا۔ سکریٹری فینانس کے رام کرشنا راؤ نے آج 12کروڑ 50لاکھ روپئے کی اجرائی کے احکامات جاری کئے۔ مالیاتی سال 2015-16کے پہلے اور دوسرے سہ ماہی کے تحت یہ رقم اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کیلئے جاری کی گئی۔ اس اسکیم کیلئے جملہ 25کروڑ روپئے مختص کئے گئے تھے جس کی نصف  رقم آج جاری کردی گئی۔ واضح رہے کہ محکمہ اقلیتی بہبود نے جاریہ سال اس اسکیم کے تحت 210 طلباء کا انتخاب کیا ہے۔ تاحال 170طلباء نے بیرونی یونیورسٹیز میں داخلہ کے بعد اپنا ایڈمیشن کارڈ اور ایر لائنس کا بورڈنگ کارڈ آن لائن محکمہ اقلیتی بہبود کو روانہ کردیا۔ تمام 210 طلباء کی جانب سے تفصیلات روانہ کرنے کے بعد اسکالر شپ کی پہلی قسط فی کس 5 لاکھ روپئے طلباء کے اکاؤنٹ میں جمع کردیئے جائیں گے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے محکمہ فینانس سے اس اسکیم کا بجٹ حاصل کرنے میں اہم رول ادا کیا۔ انہوں نے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر کے ساتھ اہل امیدواروں کے انتخاب اور ان کی فہرست کی اجرائی عمل میں لائی تھی۔ ابتداء میں اس اسکیم کے تحت 280طلباء کو شارٹ لسٹ کیا گیا تاہم بعض شرائط کی عدم تکمیل کے باعث 70 طلباء کی درخواستیں مسترد کردی گئیں۔ ایسے طلباء جن کی درخواستیں مسترد کی جاچکی ہیں وہ آئندہ سال جنوری میں دوبارہ تمام درکار اُمور کی تکمیل کے ذریعہ درخواست داخل کرسکتے ہیں۔ اس اسکیم کیلئے ہر طالب علم کو دیگر امتحانات کے علاوہ جی آر ای اور جی میٹ امتحانات میں کامیابی لازمی قرار دی گئی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے پہلی مرتبہ اقلیتی طلباء کیلئے اس اسکیم کا آغاز کیا اور اب تک یہ اسکیم صرف ایس سی، ایس ٹی طلباء کیلئے مختص تھی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود اس بات کی کوشش کررہے ہیں کہ آئندہ سال 210سے زائد طلباء کو اس اسکیم کے تحت اسکالر شپ جاری کی جائے۔ وہ اس سلسلہ میں بجٹ میں اضافہ کیلئے حکومت کو تجویز روانہ کریں گے۔ اہل امیدواروں کے انتخاب کے بعد بجٹ کی عدم اجرائی سے محکمہ کے عہدیدار اُلجھن کا شکار تھے تاہم مسلسل کوششوں کے بعد محکمہ فینانس نے آج بجٹ کی نصف رقم جاری کردی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے بجٹ کی اجرائی کے سلسلہ میں حال ہی میں محکمہ فینانس کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا تھا۔