بیرونی ممالک میں آئی پی ایل منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات

نئی دہلی ۔ 30 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے انڈین پریمیئر لیگ ٹورنمنٹ اور اس کے سابق صدر نشین للت مودی کی مالیاتی بے قاعدگیوں کی تحقیقات میں سنگاپور اور ماریشیس سے قانونی اعانت طلب کی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سال 2009 میں کرکٹ ٹورنمنٹ کے تشہیری حقوق میڈیا کو مختص کرنے کے لیے غیر قانونی طریقہ سے محصلہ فنڈس اور بیرونی ملک منتقلی کی تحقیقات کے لیے عدالت سے اجازت حاصل کرتے ہوئے متذکرہ 2 ممالک کو قانونی امداد کی درخواست روانہ کردی گئی ۔ اگرچیکہ ای ڈی ٹیم اپنے ممبئی زونل آفس سے سنگاپور کے لیے روانہ ہوگئی ہے لیکن یہ اشارہ دیا ہے کہ وہ قانون انسداد منتقلی ناجائز دولت ( منی لانڈ رنگ ) کے تحت دوسرے کیس کی تحقیقات کررہے ہیں ۔ تاہم باور کیا جاتا ہے کہ ای ڈی ٹیم یہاں للت مودی اور بی سی سی آئی انڈین پریمیر لیگ کے 13 عہدیداروں کے خلاف تحقیقات کے لیے ثبوت اکھٹا کرنے کی کوشش میں ہے ۔ اس کیس میں 2 ملزم کمپنیاں مذکورہ ممالک میں واقع ہے ۔ جس کے پیش ان کمپنیوں کی آئی پی ایل کے مالیاتی معاملتوں اور دیگر کاروبار کے بارے میں تفصیلات معلوم کی جارہی ہیں ۔