بیرونی سفر پر امتناع کی برخاستگی کیلئے عدالت میں مشرف کی درخواست

کراچی ۔ 21 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے سابق فوجی حکمراں پرویز مشرف نے سندھ ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کرتے ہوئے ان کے بیرونی سفر پر عائد امتناع کی برخاستگی کی استدعاء کی ہے تاکہ وہ بیرونی ملک روانہ ہوتے ہوئے اپنی علیل والدہ کی عیادت کرسکیں۔ مشرف کے وکیل فروغ نسیم نے سندھ ہائی کورٹ میں یہ درخواست دائر کی جس کے بعد عدالت نے و فاقی تحقیقاتی ایجنسی اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کی درخواست پر جواب طلب کی ہے ۔ فروغ نسیم نے وزارت داخلہ کی ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے مشرف کا نام حذف کرنے اور مقدمہ کی عاجلانہ سماعت کی درخواست کی تھی جس کو عدالت نے منظور کرلیا۔ 70 سالہ مشرف نے استدلال پیش کیا تھا کہ کسی ایک عالت نے بھی ان کے بیرونی سفر یا نقل و حرکت پر امتناع عائد نہیں کیا ہے چنانچہ یہ امتناع برخاست کیا جائے تاکہ انھیں بیرونی ملک سفر کا موقع فراہم ہوسکے۔ فروغ نسیم نے سماعت کے دوران کہا کہ سابق صدر اپنی علیل والدہ سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں جو دبئی میں زیرعلاج ہیں اور انھیں آزادانہ طورپر سفر کی اجازت دی جائے ۔ اس مقدمہ کی سماعت 23 اپیل تک ملتوی کردی گئی۔ مشرف فی الحال کراچی میں اپنی دختر کی ہائش گاہ میں مقیم ہیں جس کو ان کے مددگاروں نے مختصر دورہ قرار دیا ہے ۔