بیرونی دوروں میں نواز شریف کے خاندان کی موجودگی پر عمران خان کی تنقید

اسلام آباد۔ 9؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ پاکستانی تحریک اِنصاف پارٹی کے صدر عمران خان نے وزیراعظم پاکستان نواز شریف پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ غیر ملکی سرکاری دوروں میں اپنے ارکان خاندان کو ساتھ رکھتے ہیں۔ وہ پارلیمنٹ ہاؤس کے روبرو کل رات اپنے حامیوں سے خطاب کررہے تھے۔ نواز شریف نے اپنے حالیہ دورۂ چین میں اپنے چھوٹے بھائی چیف منسٹر پاکستانی پنجاب شہباز شریف کو اپنے ساتھ رکھا تھا جہاں انھیں وزیراعظم کے ساتھ تمام اہم تقریبات اور مصروفیات میں شامل دیکھا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف چین کے سرکاری دورہ پر ہیں۔ عمران خان نے سوال کیا کہ وزیراعظم کے غیر ملکی دوروں میں خیبر پختونخواہ کے پرویز خٹک کو ساتھ کیوں نہیں رکھا جاتا؟ حالانکہ وہ بھی چیف منسٹر ہیں۔