بیربھوم عصمت ریزی: مزید موثر کارروائی کی ضرورت۔سپریم کورٹ

نئی دہلی۔/14فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) مغربی بنگال کے علاقہ بیربھوم میں گذشتہ ماہ پیش آئے قبائیلی خاتون کی اجتماعی عصمت ریزی واقعہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے سپریم کورٹ نے آج حکومت کو ہدایت دی کہ وہ اس حوالہ سے مزید موثر کارروائی انجام دے۔ ریاستی چیف سکریٹری کے ذریعہ یہ معلوم ہونے کے بعد کہ جملہ 13مواضعات میں اجتماعی عصمت ریزی کے خلاف پولیس کی جانب سے سخت کارروائی کی جارہی ہے، چیف جسٹس سپریم کورٹ ستھاسیوم کی زیر قیادت بنچ نے حکومت کی جانب سے کی جارہی کارروائی کی ستائش کی ہے مگر کہا کہ وہ اس معاملہ میں مزید موثر کارروائی کی خواہاں ہے۔انہوں نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ 3مارچ سے قبل اس سے متعلق تمام دستاویزات ان کے سامنے پیش کئے جائیں جبکہ اس کیس پر مزید سنوائی کی جائے گی۔ قبل ازیں 31جنوری کو سپریم کورٹ نے مغربی بنگال کے چیف سکریٹری کو ہدایت دی تھی کہ وہ اس بارے میں معلوما ت فراہم کریں کہ کنگارو کوٹ کے حکم پر مبینہ طور پر 20سالہ قبائیلی خاتون کی عصمت ریزی معاملہ میں حکومت کیا کارروائی انجام دے رہی ہے۔ متاثرہ قبائیلی خاتون کو ایک دوسری کمیونٹی کے شخص کے ساتھ معاشقہ کے جرم میں بطور سزاء یہ حرکت کی گئی تھی۔واضح رہے کہ متاثرہ خاتون اور اس کے عاشق کو پکڑ کر ایک درخت سے باندھ دیا گیا تھا اور اسے شدید زدوکوب کرتے ہوئے 50ہزار کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔تاہم متاثرہ خاتون کی جانب مذکورہ جرمانہ کی رقم ادا کرنے سے قاصر رہنے پر اس کی اجتماعی عصمت ریزی کی گئی۔