بیدر میں گدی نشینی و دستار بندی کا انعقاد

یدر۔ 25 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب نثار احمد کلیم مرحوم کی قیام گاہ موقوعہ محلہ خانقاہ و مسجد قدم رسول ؐ رٹکل پورہ بیدر میں تقریب گدی نشیبی و دستار بندی کا انعقاد پیران طریقت جناب خواجہ مرزا محمود بیگ چشتی کی نگرانی میں عمل میں آیا۔ کارروائی کا آغاز جناب سید منصور احمد قادری انجینئر طالب کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ جناب محمد شفیع الدین ، باسط خان صوفی، عبدالمقتدر تاج، خواجہ مرزا، محمود بیگ چشتی حمد و نعت اور منقبت کا نذرانہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ تقریب گدی نشینی میں علماء، مشائخین، پیران طریقت، سرگروہان فقراء ، مریدین و معتقدین اور معززین شہر کی کثیر تعداد نے شرکت کی جن میں شیخ رشید سجادہ نشین درگاہ حضرت شیخ وزیراعلیٰ شاہ نظامی، ڈاکٹر مسیح الدین شطاری، فرقان علی شاہ قادری بگدلی، شاہ عظیم الدین قادری الملتانی، سابق ارکان بلدیہ مسرز محمد ابراہیم، محمد غوث قریشی، محمد عباس خان موظف سب انسپکٹر، اختر محی الدین انجینئر، نصیب علی شاہ المعروف این اے قادری، مقصود علی مقصود، منور علی شاہد، محمد عثمان ، محمود خان درانی رکن بلدیہ بیدر اور محمد عبدالصمد منجو والا شامل تھے۔ اس موقع پر جناب نثار احمد کلیم مرحوم کے فرزند جناب سعید احمد کلیم (شاہ احمد کلیم اللہ قادری) کی دستار بندی پیران طریقت شاہ فرقان علی قادری بگدلی نے کی اور پیران طریقت خواجہ مرزا محمود بیگ چشتی نے اشک بھرے آنکھوں سے مسند پر بٹھایا اور شال و گلپوشی کرتے ہوئے انہوں نے موصوف کو تلقین کی کہ اپنے والد حضرت نثار احمد کلیم قادری چشتی کے نقش قدم پر ثابت قدم رہتے ہوئے اس حلقہ کو مزید وسیع کریں۔ جناب سعید احمد کلیم (شاہ احمد کلیم اللہ قادری) نے تمام حاضرین و افراد خاندان کی شال پوشی کی۔ بعدازاں ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جناب محمد ابراہیم معتمد انجمن تحفظ مساجد و قبور نے رقت انگیز دعا کی۔ جناب رفیق احمد کلیم نے استقبال کیا۔ شفیق احمد کلیم نے اظہار تشکر کیا اور غوث قریشی نے انتظامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔