بیدر میں حج تربیتی کیمپ کا انعقاد

بیدر /25 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) عازمین حج ضلع بیدر 2015ء کیلئے انجمن خادم الحجاج کی جانب سے منعقدہ تیسرا حج تربیتی کیمپ جامع مسجد بیدر میں منعقد ہوا ‘ جس کو بنگلور سے تشریف فرما معروف عالمِ دین حضرت العلامہ مولانا لطف اُللہ رشادی ماسٹر ٹرینر نے نہایت ہی آسان اور سہل انداز میں تربیت دی جس سے عازمین کو بہت فائدہ ہوا۔ انھوں نے حاجیوں کو دوران سفر اور حج بیت اُللہ اور زیارت روضہ اقدس کے مواقع پر درپیش دشواریوں اور اُس کی ادائیگی کا شرعی اور سنت طریقہ تفصیل سے بتاتے ہوئے کہا کہ کس طرح فلمی نغمیں اور دیگر باتیں اور ڈائیلاگ ذہن نشین ہوجاتے ہیں اور کیوں مسنون دعائیں اور مناسک کی ادائیگی یاد نہیں ہوتی اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ ہم نے دین میں دلچسپی نہیں لی ۔اُنھوں نے کہا کہ حج کو جانے سے پہلے ہمیں اپنے دل ٹٹول لینا چاہئے کیونکہ جس دل میں اللہ اور اس کے رسول ؐ کی محبت ہوتی ہے اُس دل میں کسی بھی مخلوق ِ خدا کیلئے نفرت ‘حسد ‘ انتقام ‘ کینہ اور کپٹ نہیں ہوسکتی ۔ اگر دل ان باتوں سے پاک نہیں توسمجھ لیجئے کہ ہمارا اللہ اور اس کے رسولؐ سے محبت کا دعوی جھوٹا ہے کھوکھلا ہے ‘ کیونکہ وہ اُس کو پیار کرتا ہے جو اس کی مخلوق سے پیار کرتا ہے ۔اس تربیتی کیمپ کو ریاست کرناٹک کے حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے نامزد کردہ ماسٹر ٹرینر مولانا مقصود عالم نے بھی مُخاطب کیا اور انڈین حج ٹریننگ مشن کے فیلڈ ٹرینرز جناب نعمت اُللہ شریف نے ویژول سلائیڈس کے ذریعہ حج کی بنیادی ضرورتوں پر روشنی ڈالی اور بہتر انداز میں سمجھایا ۔کیمپ کے آغاز پر ضلع بیدر کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا سے نامزد کردہ فیلڈ ٹرینر الحاج سید منصور احمد قادری انجینئر میونسپل کونسلر ومعتمد عمومی انجمن خادم الحجاج ضلع بیدر نے تمام مہمانوں کا اور عازمین کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ انجمن خادم الحجاج ضلع بیدر گزشتہ 16سال سے حاجیوں کی خدمت کرتی آرہی ہے جس کیلئے تمام حاجی بیت اُللہ شریف میں میں روضہ اقدس پر حاضری کے وقت دوران سفر و حج تمام مقامات مقدسہ پر انجمن کے تمام اراکین کیلئے دعا کرنا نہ بھولیں ۔ اس تربیتی کیمپ کی صدارت نائب صدر انجمن جناب الحاج سید صغیر الدین احمد نے فرمائی ۔کیمپ کا آغاز ضلع بیدر کے ایک اور فلڈ ٹرینر حافظ مولانا عتیق الرحمن رشادی کی قرائت ِ کلام پاک سے ہوئی ، انجمن کے دیگر ذمہ داران بالخصوص، شفیق احمد کلیم ، الحاج ایاز الحق‘ الحاج جاوید الحق، محمد غوث قریشی ، محمد شریف ،شاہ نذیر الحسن قادری، اختر محی الدین انجینئر ، محمد عبدالواجدھ ، محدم آصف، محمد شاہنواز وغیرہ استقبالیہ کائونٹر پر ، اس کیمپ کا اہتمام محمد ریاض الدین اسٹنٹ ایکزیکٹیو انجینئر جو امسال عازم حج بھی ہیں نے کیا ۔ جناب سید منصور احمد قادری نے اعلان کیا چوتھا اور آخری تربیتی کیمپ 30اگست بروز اتوار اسی مقام جامع مسجد میں ہوگا۔