بیداری پروگرامس امراض سے محفوظ رکھنے میں معاون

ڈاکٹر وی آر کے ویمنس میڈیکل کالج میں چھاتی کے کینسر پر بیداری واک کا انعقاد
حیدرآباد ۔ یکم نومبر (پریس نوٹ) ڈاکٹر وی آر کے ویمنس میڈیکل کالج پر دی پنک ربن بریسٹ کینسر بیداری واک کا انعقاد عمل میں آیا۔ پنک ربن چھاتی کے کینسر سے متعلق بیداری کی ایک بین الاقوامی علامت ہے۔ ڈاکٹر وی آر کے ویمنس میڈیکل کالج جو آزادی کے بعد ملک میں پہلا ویمنس میڈیکل کالج ہے، صحت اور امراض سے متعلق بیداری پیدا کرنے کے سلسلہ میں مختلف پروگرامس کا انعقاد عمل میں لارہا ہے۔ کل اس کالج کے مینجمنٹ کے ارکان، طلبہ اور اسٹاف نے چھاتی کے کینسر سے متعلق بیداری کے سلسلہ میں ایک واک کا اہتمام کیا تھا جس کی قیادت اس کالج کے ڈین ڈاکٹر اے وائی چاری، چیف اڈمنسٹریٹر ڈاکٹر خواجہ نصیرالدین، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وی آر کے ہاسپٹل ڈاکٹر بھارتی ریڈی، چیف اڈوائزر ڈاکٹر غوث محی الدین علی، ڈاکٹر وی آر کے ہاسپٹل کے آر ایم او ڈاکٹر وی کلپنا اور دوسروں نے کی۔ اس واک میں دیگر ڈاکٹرس، انٹرنس طالبات اور اسٹاف نے حصہ لیا۔ اس واک کے انعقاد کے بعد ڈاکٹرس نے ہاسپٹل میں مریضوں سے بات چیت کی اور انھیں چھاتی کے کینسر سے محفوظ رہنے کے لئے احتیاطی اقدامات اور علاج سے واقف کروایا۔ ہاسپٹل میں طالبات کے لئے ایک معلوماتی سیشن بھی منعقد کیا گیا جو بیداری پیدا کرنے کے سلسلہ میں ان کیلئے معاون ہے۔ ڈاکٹر اے وائی چاری نے کہاکہ مرض کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ڈاکٹروں کا فرض ہے اور بیداری، امراض سے محفوظ رہنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔ چیف اڈمنسٹریٹر ڈاکٹر خواجہ نصیرالدین نے اس موقع پر ادارہ کے بانی ڈاکٹر محمد وزارت رسول خان کی خدمات کو یاد کیا اور جذباتی انداز میں کہاکہ سماج میں اس طرح کی بیداری پیدا کرنا ڈاکٹر صاحب کا خواب تھا جس کے لئے اُنھوں نے تعلیم کے راستہ کو اختیار کیا۔ ڈاکٹر وی آر کے ایجوکیشن سوسائٹی کی جانب سے اس کے منیجنگ ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد صارب رسول خان نے اس ایونٹ کے انعقاد کے لئے ڈاکٹرس اور اسٹاف کی کاوشوں کی ستائش کی۔ انھوں نے کہاکہ دو سال سے اس ہاسپٹل پر غریبوں اور ضرورت مندوں کے لئے مفت طبی خدمات پیش کی جارہی ہیں اور اس دوران کی بریسٹ سرویسز مفت کی گئی ہیں۔