بیجے پور ضمنی انتخابات میں بی جے ڈی کی شاندار کامیابی

بی جے پی دوسرے نمبر پر‘ کانگریس کا مایوس کن مظاہرہ
بھونیشور ۔28فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) بیجے پور ضمنی انتخابات کا نتیجہ بی جے پی کیلئے مایوس کن رہا جہاں بیجو جنتا دل کے امیدوار ریتا رانی ساہو نے 1,02,871 ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ جب کہ بی جے پی امیدوار اشوک پنگھڑی کو محض 60,938 ووٹ ہی مل سکے ۔ جب کہ کانگریس اس ضمنی انتخابات میں صرف 10,274ووٹوں تک ہی سمٹ کر رہ گئی ۔ اس سے پہلے 20ویں مرحلے کی رائے شماری تک برسراقتدار پارٹی کی امیدوار ریتا رانی سبقت حاصل کی ہوئی تھی ۔ ضمنی انتخابات میں بی جے پی کو 7000ووٹ ملے تھے وہیں کانگریس امیدوار کا مظاہرہ کافی مایوس کن رہا ۔ کانگریس پارٹی کو 20ویں مرحلہ میں بھی صرف تین ہزار ووٹ ہی مل سکے تھے اور بی جے ڈی امیدوار 22,738 ووٹوں سے سبقت بنائے ہوئی تھیں ۔ یہاں صبح 8بجے ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی جو دوپہر تک پوری کرلی گئی ۔ ابتداء میں ضمنی انتخابات میں سہ رخی مقابلہ دیکھا جارہا تھا جس میں بیجو جنتادل ‘ بی جے پی اورکانگریس کے درمیان ٹکر کا مقابلہ سمجھا جارہا تھا تاہم انتخابی نتائج نے عوامی رجحان کو مکمل طور پر برسراقتدار جماعت بیجو جنتادل کے حق میں ظاہر کردیا ۔ ابتداء میں سیاسی مبصرین اسے بی جے پی اور کانگریس کے درمیان مقابلہ تصور کررہی تھی مگرنتیجہ نے کچھ اور ہی تصویر سامنے رکھ دی ہے ۔ واضح رہے کہ 24فبروری کو بیجے پور نشست کیلئے ضمنی انتخابات ہوئے تھے جس میں 72فیصدی رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا ۔