بہنوں کا رشتہ انمول ہے

بہنوں کا تصور ہی خوشگوار ہوتا ہے۔ یہ قدرت کا انمول تحفہ ہوتی ہیں۔ یہ اپنی معصومانہ باتوں سے گھر میں خوشیوں کے رنگ بکھیر دیتی ہیں۔ یہ باپ کا وقار، ماں کااحترام، بہن کی سہیلی اور بھائی کی راج دلاری ہوتی ہیں۔ چھوٹی بہنیں اپنی نٹ کھٹ شرارتوں، شوخیوں اور قہقہوں سے گھر کے سونے آنگن کو مہکاتی ہیں، تو بڑی بہنیں بہترین مشیر ہوتی ہیں۔بہن کا رشتہ پوری زندگی خوشیاں اور مسرتیں تقسیم کرتا ہے۔

بہن بھائی کا رشتہ اسی حقیقت کی ایک خوبصورت مثال ہے۔ قدرتی طور پر بہن بھائی کے درمیان ذہنی ہم آہنگی اور پیار پایا جاتا ہے۔ اگر بہنیں بھائیوں کیلئے قربانیاں دیتی ہیں تو بھائی بھی اپنے فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی نہیں برتتے۔ اس باہمی پیار کی بدولت بہنیں بھائیوں کو والدین کی ڈانٹ سے بچانے کیلئے ڈھال بنتی ہیں، ان کی بکھری ہوئی چیزوں کو ترتیب سے رکھتی ہیں، بڑی چاہ سے ان کے پسندیدہ کھانے تیار کرتی ہیں اور روٹھ جاتی ہیں، لیکن بھائیوں سے بہنوں کی یہ ناراضگی زیادہ دیر تک برداشت نہیں ہوتی اور وہ آئس کریم اور چاکلیٹ کے عوض انہیں بڑی چاہت سے منالیتے ہیں۔ بھائی بہنوں کے درمیان چھوٹی موٹی لڑائیاں تو اس تعلق کا حصہ ہیں۔ اگر روٹھنے منانے کا یہ سلسلہ رک جائے تو زندگی میں رونق ہی نہ رہے۔ بہنوں کا باہمی رشتہ بھی مثالی ہوتا ہے۔یہ حقیقت ہے کہ جن گھروں میں بہنیں ہوں وہاں لڑکیوں کو سہیلیوں کی ضرورت نہیں پڑتی کیونکہ یہ خود ہی ایک دوسرے کی پکی سہیلی ہوتی ہیں۔ آپس میں اپنے مسائل کے ساتھ ساتھ کپڑے، جوتے، کتابیں اور دیگر چیزیں بھی شیئر کرتی ہیں۔