بہتر برتاؤکی بدولت جاپان ناک آؤٹ مرحلے میں داخل

سمارا۔29 جون(سیاست ڈاٹ کام) فٹبال ورلڈکپ کے گروپ ایچ میں کولمبیا نے سینیگال کو شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی جبکہ جاپان کی ٹیم پولینڈ کے خلاف شکست کے باوجود فیئر پلے کی بنیاد پر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی۔سمارا میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ کے گروپ ایچ میں کولمبیا اور سینیگال کی ٹیمیں پہلے ہاف میں کوشش کے باوجود کوئی گول اسکور نہ کرسکیں تاہم دوسرے ہاف کے 74ویں منٹ میں کولمبیا کے ییری مینا نے گول کر کے اپنی ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ دوسری جانب وولگو گریڈ ارینا میں کھیلے گئے گروپ ایچ کے دوسرے میچ میں پولینڈ نے جاپان کو 1-0 سے شکست دے دی لیکن اس کے باوجود ایشیائی ٹیم پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں پہنچنے میں کامیاب ہو گئی۔اس میچ کے پہلے ہاف میں بھی دونوں ٹیمیں گول اسکور نہ کر سکیں لیکن دوسرے ہاف کے 59ویں منٹ میں پولینڈ کے جین بیڈناریک نے گیند کو گول کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو فیصلہ کن مقابلے میں کامیابی سے ہمکنار کیا۔اس میچ میں کامیابی کے باوجود اپنے ابتدائی دو میچ گنوانے والی پولینڈ کی ٹیم اگلے راؤنڈ میں نہ پہنچ سکی جبکہ جاپان نے شکست کے باوجود فیئر پلے قانون کے تحت اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔نشانات کے جدول پر کولمبیا کی ٹیم سرفہرست رہی لیکن سینیگال اور جاپان کی ٹیموں کے یکساں 4 نشانات حاصل کئے ۔دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ 2-2 گول سے برابر رہا اور دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 4، 4 گول کیے اور ان کے خلاف بھی اتنے ہی گول ہوئے۔اس بنیاد پر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنانے والی ٹیم کا فیصلہ فیئر پلے قانون کے تحت کیا گیا اور گروپ مرحلے میں جاپان کے مقابلے میں دو زیادہ زردکارڈ دکھنے کے سبب سینیگال کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو گئی۔اس کے ساتھ ہی جاپان کی ٹیم ورلڈ کپ کی تاریخ میں فیئر پلے قانون کی بنیاد پر اگلے راؤنڈ میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی جبکہ سینیگال اس قانون کے سبب عالمی کپ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی۔سینگال کی شکست کے ساتھ ہی کوئی بھی افریقی ٹیم ورلڈکپ کے اگلے راؤنڈ میں نہ پہنچ سکی اور یہ 1982 کے ورلڈ کپ کے بعد پہلا موقع ہے کہ کوئی بھی افریقی ٹیم گروپ مرحلے سے آگے نہ جا سکی۔