بہترین انسان بننا ، تعلیم کا اولین مقصد

بیدر۔3 ۔ ستمبر( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ):کلسٹر سطحی پرتیبھا کارنجی پروگرام سرکاری اُردو اسکول فقیر ٹیکرہ ہمناآبادمیں عمل میں آیا۔پروگرام کی صدارت مدرسہ ہذا کی میر معلمہ محترمہ غوثیہ بیگم نے کی ۔جبکہ مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے جناب محمد عارف الدین سی آر سی ہمناآباد کلسٹر‘ مسٹر ہنومان‘محترمہ طاہرہ بیگم‘ ‘نایت اُللہ ‘کلسٹرسے تشریف لائے مختلف مدارس کے معلمین و معلمات موجود تھے ۔پروگرام کا آغاز مدرسہ ہذا کی جماعت سوم کی طالبہ ثمرین بیگم کی قراء تِ کلام پاک ہوا اور شبانہ خواجہ میاں نے حمد باری تعالی ‘معراج فاطمہ نے نعتِ رسولؐ سنانے کی سعادت حاصل کی ۔جناب شیخ عمر میر معلم سندنکیرہ نے شمع روشن کی ۔اس موقع پر مسٹر ہنومان نے پرتیبھا کارنجی سے متعلق اپنے خیالات کا اِظہار کیا۔جناب عنایت اُللہ نے طلباو کو مدرسہ سے متعلق بہترین نصیحت آمیز باتیں بتائیں‘اور اسی طرح مقابلہ جات میں حصہ لینے اور انعامات حاصل کرتے ہوئے تعلیمی ترقی حاصل کرنے کی بات بتائی ۔محترمہ طاہرہ بیگم میر معلمہ نے اپنے خطاب میں بتایا کہ طلباء میں پوشیدہ صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے کیلئے معلمین ان کو بہتر انداز میںرہنمائی کریں۔پروگرام کے روحِ رواں جناب محمد عارف الدین سی آر سی ہمناآباد نے اپنے خطاب میں’ ’سورۃ التین ‘‘کی آیات کا ترجمہ و تفسیر کو بہت ہی بہترین انداز میں پیش کرتے ہوئے سمجھایا کہ انسان کی تخلیق بہترین ساخت سے ہوئی مگر اپنے اعمال کے ذریعہ اپنے آپ کو ذلالت کے گڑھے میں ڈال دیا ۔انھوں نے کہا کہ تعلیم کا مقصد ایک بہترین انسان بننا ہے ۔اس سے انسان میں اچھے اور بُرے کی تمیز پیدا ہوتی ہے اور قوموں کی ترقی اور بہتر معاشرہ کیلئے لڑکیوں کی تعلیم ضروری ہے ۔انھوں نے نصیحت فرمائی کہ علم حاصل کرکے ہم ایک بہترین انسان بنیں ‘اپنا اپنے والدین ‘اُستاد سب کی عزت بڑھائیں اور ایک اچھے شہری بن کر قوم و ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں اور علم کے حصول کیلئے اساتذہ کا ادب کرنا بھی بے حد ضروری ہے۔پرتیبھا کارنجی پروگرام کے ذریعہ مُختلف سطحوں پر طلباء میں ہمت افزائی سے کام لینے کا موقع ملتا ہے ۔مُختلف احادیث کی روشنی میں اعلی اقدار کی تلقین کی ۔اخلاق کو سنوارنا وقت کی اشد ضرورت ہے ۔صدارتی خطاب میں محترمہ غوثیہ بیگم نے پروگرام کیلئے اپنی نیک تمنائوں کااِظہار کرتے ہوئے مفید مشوروں سے نوازا ‘اس پروگرام کا اختتام مدرسہ ہذا کے معلم جاوید محمد شہباز کے اِظہار تشکر پر ہوا ۔