بہاولپور میں ہلاکتوں کی تعداد 190 ہو گئی

اسلام آباد ۔ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) صوبہ پنجاب کے جنوبی ضلع بہاولپور کے علاقے احمد پور شرقیہ میں 25 جون کو آئیل ٹینکر میں آتشزدگی سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 190 ہو گئی ہے۔بہاولپور کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق آئل ٹینکر میں دھماکے کے دوران بری طرح جھلسنے والے مزید 17 افراد جمعے کو اسپتال میں دم توڑ گئے۔بہاولپور کے ڈپٹی کمشنر راؤ تسلیم احمد کا کہنا ہے کہ اسپتال میں زیر علاج بہت سے زخمیوں کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔تیل سے بھرا ایک ٹینکر اتوار کی صبح احمد پور شرقیہ میں الٹ گیا تھا اور جب اْس سے تیل بہنا شروع ہوا تو مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد برتن لے کر تیل جمع کرنے لگی جب کہ قریب سے گزرنے والے کئی افراد نے اپنے موٹر سائیکل روک کر تیل اکٹھا کرنا شروع کر دیا۔