بہار میں چیف منسٹر کے عہدہ پر نظر

پٹنہ ۔ 30 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی اس مسئلہ پر تذبذب کا شکار ہے کہ بہار میں چیف منسٹر کے امیدوار کی حیثیت سے سوشیل کمار مودی کو پیش کیا جائے یا پھر اس عہدہ کیلئے کسی بھی امیدوار کا اعلان کئے بغیر اسمبلی انتخابات کا مقابلہ کیا جائے۔ سینئر پارٹی لیڈر نند کشور یادو نے آج بتایا کہ یہ فیصلہ پارٹی کے پارلیمانی بورڈ میں کیا جائے گا ۔قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیلار مسٹر نند کشور یادو نے بتایا کہ صدر بی جے پی امیت شاہ نے یہ واضح کردیا ہے کہ اسمبلی انتخابات میں چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے پارٹی امیدوار کی نشست کس کو پیش کرنے نہ کرنے کا فیصلہ پارلیمانی بورڈ کرے گا ۔ تاہم مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے گزشتہ جمعہ کی شام یہاں ایک تقریب کو مخاطب کر تے ہوئے کہا تھا کہ سوشیل کمار مودی بہار میں بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق ڈپٹی چیف منسٹر ہیں اور آ ئندہ اسمبلی انتخابات میں چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے وہ فطری امیدوار ہوں گے ۔ یہ تقریب سوشیل کمار کی 25 سالہ پارلیمانی کیریئر کی تکمیل پر منعقد کی گئی تھی۔ مسٹر وینکیا نائیڈو نے سوشیل کمار کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کی طرح وہ بے داغ کردار کے حامل ہیں اور بہار کیلئے ان کی قیادت نیک شگون ثابت ہوگی۔ اگر یہاں کے عوام ان کی تائید کرتے ہوئے بی جے پی کو اقتدار میں لائیں جس پر تبصرہ کرتے ہوئے نند کشور یادو نے کہا کہ وینکیا نائیڈو کی تقریب کا غلط مطلب نکالا گیا ہے جبکہ چیف منسٹر کے امیدوار کا قطعی فیصلہ پارلیمانی بورڈ میں کیا جائے گا۔