بہار میں ایک خطرناک سرپنچ گرفتار آتشی اسلحہ ، شراب کا ذخیرہ اور 50 اے ٹی ایم کارڈس ضبط

موتیہار ۔ 31 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بہار کے ضلع مشرقی چمپارن میں ایک گاؤں کے سرپنچ ( مکھیہ ) کو غیر قانونی سرگرمیوں بشمول شراب ، آتشی اسلحہ اور 150 سے زائد بینک پاس بکس رکھنے کے الزام میں آج صبح گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس نے بتایاکہ گاؤں کے مکھیہ شنکر ساریہ ( نارتھ پنچایت ) کو گرفتار کر کے اس کی تحویل سے ایک رائفل ، ایک ریوالور ، 25 کارآمد گولیاں ، 1.85 لاکھ روپئے اور مختلف بینکوں کے 150 پاس بکس ضبط کرلیے گئے ۔ مشرقی ضلع چمپارن کے پولیس سپرنٹنڈنٹ مسٹر سنیل کمار نے بتایا کہ گاؤں کے مکھیہ ( سرپنچ ) کرشنا پرساد کے مکان سے 50 اے ٹی ایم کارڈس ، 250 دستخط شدہ چیکس اور شراب کا ذخیرہ بھی برآمد کرلیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ سرپنچ کی گھناونی حرکتوں کے خلاف شکایتیں وصول ہوئی تھیں ۔ پولیس نے اس پر نگرانی رکھتے ہوئے آج صبح سویرے اسپیشل ٹاسک فورس اور اسپیشل آپریشن گروپ نے اس کے مکان پر اچانک دھاوا کیا ۔ ضلع ایس پی نے بتایا کہ آتشی اسلحہ کا لائسنس دوسرے کے نام سے حاصل کیا گیا تھا لیکن اسے غیر قانونی طریقہ پر گاؤں کا مکھیہ استعمال کررہا تھا ۔ مختلف جرائم سے متعلق پوچھ تاچھ کی جارہی ہے جو کہ اس علاقہ میں پیش آئے ہیں ۔۔

اسکول فیس میں اضافہ کے خلاف
اقدام خود سوزی
جمشیدپور ۔ 31 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : خانگی اسکولوں کی فیس میں اندھا دھند اضافہ کے خلاف عام آدمی پارٹی کے ایک کارکن نے آج ڈپٹی کمشنر آفس کے روبرو خود سوزی کی کوشش کی ۔ سٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس مسٹر چندن جھا نے بتایا کہ پولیس کو قبل از وقت اطلاع ملنے پر کرانتی سنگھ کو پکڑلیا جس نے ایسٹ سنگھ بھوم ضلع میں ڈپٹی کمشنر آفس کے روبرو اقدام خود سوزی کی تھی ۔ عام آدمی پارٹی کا یہ کارکن اسکولوں کی فیس میں غیر معمولی اضافہ کے مسئلہ پر سرکاری انتظامیہ کی توجہ مبذول کروانے کے لیے یہ انتہائی اقدام کیا تھا ۔ تاہم کنوینر کولھن ریجن کمار چندرا مریڈ نے بتایا کہ کرانتی سنگھ کو مخالف پارٹی سرگرمیوں کے الزام میں کچھ عرصہ قبل پارٹی سے خارج کردیا گیا ۔ انہوں نے اقدام خود سوزی کے واقعہ سے لا علمی کا اظہار کیا ہے ۔۔