بہادر پورہ میں چھوٹی جماعت بوکھلاہٹ کا شکار

عوامی لیڈر کی تبدیلی کے خواہاں ، کانگریس امیدوار کلیم الدین بابا کو کامیابی کا یقین

حیدرآباد۔ /30 نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کے امیدوار حلقہ اسمبلی بہادر پورہ کلیم الدین بابا نے کہا کہ کامیابی کیلئے وہ پرامید ہیں جبکہ چھوٹی جماعت بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر غنڈہ گردی پر اتر آئی ہے جس سے وہ ڈرنے گھبرانے والے نہیں ہیں ۔ بلکہ اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں۔ وہ آج تیگل کنٹہ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹی جماعت ابھی تک حلقہ اسمبلی بہادر پور ہ کو اپنے لئے محفوظ و طاقتور گڑھ تصور کیا کرتی تھی تاہم کانگریس پارٹی کی جانب سے انہیں ٹکٹ ملنے اور پیپلز فرنٹ کی تشکیل اور ان کی طوفانی انتخابی مہم سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے ۔ ان کے عزائم کو پست کرنے کیلئے ان کے حامیوں پر حملہ کرتے ہوئے ڈر و خوف کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے جس سے وہ ہرگز خوفزدہ نہیں ہیں اور نہ ہی ان کا کیڈر پریشان ہیں ۔ چھوٹی جماعتوںکی اوچھی حرکتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اسمبلی حلقہ بہادر پورہ سے مسلسل جماعت کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کے باوجود منتخب عوامی نمائندوں نے حلقہ کے مسائل کو حل کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئے ہیں ۔ کئی مقامات پر پینے کے پانی کی قلت ہے ۔ جبکہ کئی مقامات پر ڈرینیج کا پانی سڑکوں پر ابل رہا ہے ۔ کئی مقامات پر سڑکوں کی خستہ حالت ہے ۔ متعدد مقامات پر کچرے کے ڈھیر ہیں ۔ عوام بنیادی مسائل سے محروم ہیں اور منتخب عوامی نمائندے عوام کو دستیاب نہیں ہیں جس سے اسمبلی حلقہ کے عوام جماعت اور ان کے امیدواروں سے ناراض ہیں اس مرتبہ کانگریس کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اپنی ساری تدابیر ناکام ہوجانے کے بعد چھوٹی جماعت غنڈہ گردی پر اتر آئی ہے ۔ کلیم الدین بابا نے کہا کہ پرانے شہر میں تبدیلی کی لہر چل رہی ہے ۔ کانگریس اور تلگودیشم امیدواروں کو عوام کی بھرپور تائید حاصل ہورہی ہے ۔ اس کا اندازہ ہونے کے بعد جماعت کے ذمہ داروں کے پیروں تلے زمین کھسک گئی ہے مگر انہیں یقین ہے عوام انہیں ووٹ دیتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے میں مکمل تعاون کریں گے ۔ مقامی عوام ان سے رجوع ہورہے ہیں ۔ جن میں جماعت کے ورکرس بھی شامل ہیں ۔
جماعت کے قائدین کے ظلم و ستم سے وہ سخت ناراض ہیں ۔ انہیں کامیاب بنانے کا مکمل یقین دلارہے ہیں ۔ کامیابی کے بعد وہ اسمبلی حلقہ بہادر پورہ کے مسائل کو حل کرانے کیلئے دن رات کوشش کریں گے ۔ غنڈہ گردی ، لینڈ گرابینگ اور دوسری غیر سماجی سرگرمیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے عوام کو پرسکون ماحول فراہم کریں گے ۔ حکومت کی اسکیمات سے غریب عوام کو بھرپور فائدہ پہونچائیں گے ۔