بہادر شاہ ظفر کی زندگی پر مبنی ڈاکیومنٹری فلم ’’آخری مغل‘‘ کی نمائش

نئی دہلی۔ 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) تین سال کی مسلسل محنت اور باریک بینی سے ریسرچ کے بعد تکمیل یافتہ ڈاکیومنٹری جو آخری مغل شہنشاہ بہادر شاہ ظفر پر بنائی گئی ہے، آج دہلی کے اندرا گاندھی نیشنل سنٹر فار آرٹس میں نمائش کیلئے پیش کی گئی۔ اس موقع پر آڈیٹوریم یونیورسٹی طلبہ، اسکالرس اور ریسرچ اسکالرس، مورخین اور شاعری سے دلچسپی رکھنے والوں سے کھچاکھچ بھرا ہوا تھا۔ آڈیٹوریم کے کانفرنس ہال کے بھرجانے کے بعد ہجوم اس کے کاریڈور میں طویل قطار بنائے ٹھہرا ہوا تھا تاکہ اس کے ڈائیلاگس کو سنا جاسکے۔ اس ڈاکیومنٹری کے ڈائریکٹر سریش شرما بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے بیان دیا کہ عوام کے غیرمتوقع جوش و خروش کو دیکھ کر وہ بہت ہی متاثر ہوئے ہیں اور شہر دہلی میں عوام کے اس ردعمل کی توقع نہیں رکھے تھے۔ اس فلم کی شوٹنگ مکمل ریسرچ کے بعد دہلی، کانپور، الہ آباد، کولکتہ اور رنگون میں کی گئی۔