بھینسہ میں دھوپ کی شدت سے سڑکیں سنسان

بھینسہ۔/3اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر اور اطراف واکناف میں دھوپ کی شدت کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے شہر کی مصروف ترین شاہراہیں دوپہر کے اوقات میں سنسان نظر آرہی ہیں اور کئی کاروباری و تجارتی ادارے دوپہر کے اوقات میں بند نظر آرہے ہیں۔ دھوپ کی شدت کی وجہ سے ہر فرد دوپہر کے اوقات میں مکانوں اور ٹھنڈے سائبان کے نیچے آرام کرنے کو ترجیح دے رہا ہے۔ انسانوں کے علاوہ چرند پرند بھی دھوپ کی شدت کی وجہ سے سائبان اور ٹھنڈی چھاؤ ں کی تلاش کرتے ہوئے بسیرا کررہے ہیں اور انسان ٹھنڈے مشروبات کی دکانات پر کثیر تعداد میں دیکھے جارہے ہیں۔ کئی افراد دوپہر کے اوقات میں مارکٹ علاقہ میں چھتریوں کا استعمال کرتے ہوئے دیکھے جارہے ہیں۔ موجودہ صورتحال میں درختوں کی کٹوائی ہونے کی وجہ سے انسانوں کے علاوہ جانوروں کو بھی ٹھنڈی چھاؤں اور ٹھنڈی ہواؤں کیلئے بے چین دیکھا جارہا ہے۔ کیونکہ دھوپ کی شدت کی وجہ سے سڑک پر چلنے کے دورا ن کافی گرم ہوائیں اور آگ کے مانند بھاپ محسوس ہورہی ہے جو کہ درختوں کی کٹوائی کا نتیجہ ہے۔ جس کی وجہ سے انسانوں کی زندگی برقی آلات جیسے فیان کولر اور فریج پر منحصر ہوچکی ہے اور برقی سربراہی مسدود ہونے کے دوران اکثر افراد بے چینی کا مظاہرہ کرتے دیکھے جارہے ہیں۔ بھینسہ شہر اور اطراف و اکناف میں گرمی کی شدت کی وجہ سے درجہ حرارت 40 سے 42 تک محسوس کیا جارہا ہے۔