بھینسہ میں دلتوں کا راستہ روکو احتجاج

بھینسہ ۔ یکم اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھینسہ ڈیویژن لوکیشورم منڈل کے موضع رائے پور کانڈلی میں موجود ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کی نامعلوم افراد نے گزشتہ جمعہ کی شب بے حرمتی کی ہے جس کی وجہ سے بھینسہ ڈیویژن کے مختلف منڈلوں میں موجود دلت طبقہ میں شدید غم و غصہ کی لہر دیکھی جارہی ہے اور اس ضمن میں مختلف مقامات پر احتجاجی و راستہ روکو مظاہرے کئے جارہے ہیں۔ بھینسہ شہر میں دلت طبقہ کے نوجوانوں کی جانب سے رکن بلدیہ بھیم چندرے کی قیادت میں بس اسٹانڈ کے قریب زبردست راستہ روکو احتجاج منظم کیا گیا اور ضلعی اعلیٰ عہدیداروں ، محکمہ پولیس و کلکٹر سے مطالبہ کیا کہ موضع رائے پور کانڈلی میں پیش آئے امبیڈکر مجسمہ کی بے حرمتی واقعہ کے خاطیوں کو جلد از جلد گرفتار کرتے ہوئے سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ احتجاجیوں نے مزید کہا کہ آئے دن دلت طبقہ کی عوام و نوجوانوں پر مظالم کئے جارہے ہیں جوکہ ناقابل برداشت ہیں ۔ حکومتیں اس جانب سنجیدگی سے غور وفکر کرتے ہوئے دلت طبقہ کی عوام کے جذبات کو مجروح کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ بعد ازاں دلت طبقہ کے نوجوانوں کی جانب سے بھینسہ بس اسٹانڈ پر موجود امبیڈکر مجسمہ کی گلپوشی کی ۔ اس موقع پر روپیش، راجہ ، روی ، سدانند ، سنیل دیودیاس اور دیگر دلت نوجوانوں کی کثیرتعداد موجود تھی ۔