بھگدڑ کا سانحہ ، ریلوے نے دسہرہ نہیں منایا !

ممبئی۔ 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس (سی ایس ایم ٹی) میں تہوار سے قبل کی معمول کی روشنیاں دکھائی نہیں دے رہی ہیں کیونکہ ریلوے ملازمین بھی سارے شہر کے مکینوں کے ساتھ مل کر دسہرہ تہوار منانے کی بجائے ایلفنسٹون روڈ اسٹیشن میں گزشتہ روز پیش آئے سانحہ کا سوگ منا رہے ہیں۔ کل رات دیر گئے ممبئی والوں نے ایلفنسٹون ریلوے برج پر موم بتیوں کے ساتھ جلوس نکالا اور متوفی افراد کیلئے دعا کی۔ ویسٹرن ریلوے کے ترجمان اعلیٰ رویندر بھاسکر نے کہا کہ ہاں یہ درست ہے کہ ریلوے عہدیداران، ملازمین، دیگر ورکرس آج دسہرہ نہیں منارہے ہیں کیونکہ گزشتہ روز سانحہ پیش آیا۔ اس دوران ممبئی میں کے ای ایم ہاسپٹل واقع پریل کے حکام نے وہاں لائے گئے 22 افراد میں سے 17 کی نعشیں ضوابط کی تکمیل کے بعد ان کے لواحقین کے حوالے کردی ہیں۔ کل کی بھگدڑ میں کم از کم 22 افراد کی موت ہوئی اور 39 دیگر زخمی ہوگئے۔ دریں اثناء سانحہ کے ایک روز بعد وزیر ریلوے پیوش گوئل نے ریلوے بورڈ کے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ طلب کی ہے جس میں وہ انفراسٹرکچر کے جاریہ کاموں کا جائزہ لیں گے۔