بھوپال میں رکنیت سازی، آج مودی آغازکریںگے

بھوپال۔/31اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی بی جے پی کی رکنیت سازی مہم کا کل آغاز کریں گے تاکہ پارٹی کو مزید مستحکم کیا جاسکے۔ صدر پارٹی امیت شاہ نے یہ بات بتائی۔ کاریا کرتا سنکلپ ادھیویشن سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ بی جے پی کے دستور کے مطابق پارٹی ہر دو سال میں رکنیت کی تجدید کرتی ہے۔ کل نریندر بھائی پارٹی کی نئی رکنیت سازی مہم کا آغاز کریں گے تاکہ پارٹی کو موجودہ طور پر چارگنا زیادہ مستحکم کیا جاسکے۔ یاد رہے کہ مدھیہ پردیش میں مقامی مجالس انتخابات منعقد شدنی ہیں اور امیت شاہ کی آمد کو اہمیت کا حامل قرار دیا جارہا ہے۔انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر ایک ٹول فری نمبر بھی متعارف کیا جائے گا اور عوام سے خواہش کی جائے گی کہ جو بھی رکن بننے میں دلچسپی رکھتے ہوں وہ صرف ایک مسڈ کال کرلیں اس کے بعد انہیں پارٹی کی رکنیت کا نمبر اور دیگر تفصیلات بذریعہ ایس ایم ایس روانہ کردی جائیں گی۔ راجستھان ، مدھیہ پردیش، گجرات، گوا اور دیگر ریاستیں جہاں پارٹی کو استحکام حاصل ہے، وہاں بی جے پی نے اپنی رکنیت سازی میں چار گنا اضافہ کرنے کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ اس نشانہ کو مد نظر رکھتے ہوئے مدھیہ پردیش میں بی جے پی کے دو کروڑ نئے رکن بنائے جائیں گے۔ ایسی ریاستیں جہاں بی جے پی مستحکم نہیں ہے وہاں یہ کوشش کی جائے گی کہ رکنیت سازی کو شہروں سے گاؤں تک پہنچایا جائے۔