بھونگیر میں خوفناک سڑک حادثہ

بھونگیر۔ 26 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نلگنڈہ کے بھونگیر رورل علاقہ میں ڈی سی ایم ویان اور کار کے خوفناک حادثہ میں پانچ افراد کی موت واقع ہوگئی۔ واقعات کے بموجب اپل حیدرآباد میں سکونت پذیر افراد ولی گونڈہ منڈل کے ترکاپلی موضع کو ذاتی کام کے سلسلے میں بذریعہ کار آئے۔ چہارشنبہ کو رات میں حیدرآباد واپسی کیلئے براہ ولی گونڈہ۔ بھونگیر شاہراہ سے روانہ ہوئے۔ بھونگیر سے قریب کوڈوراس فیکٹری کے نزدیک مخالف سمت سے تیز رفتاری سے آنے والی ڈی سی ایم ویان اور مہلوکین کی کار کا تصادم ہوگیا۔ جائے حادثہ پر ایسا محسوس ہورہا تھا کہ دونوں ہی گاڑیاں کافی تیز رفتاری سے دوڑ رہی تھیں اور یکایک گاڑیوں کا آمنا سامنا ہونے سے ڈرائیورس کنٹرول کرنے میں چوکسی کا مظاہرہ نہیں کرسکے۔ اس حادثہ میں ٹی شیکھر ریڈی اور اشوک (ولی گونڈہ ؍ ترکاپلی)، چنا ریڈی (لنگا راج پلی)، پورنا چندر راؤ (بولے پلی)، بی لکشما ریڈی (جگتیال) ہلاک ہوگئے۔ نعشوں کا بھونگیر ایریا ہاسپٹل میں پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ بھونگیر پولیس سی آئی مدھوسدن ریڈی نے ضابطہ کی کارروائی کی اور نعشوں کو ورثاء کے حوالے کیا۔ ایم ایل اے بھونگیر اے اوما مادھو ریڈی نے ہاسپٹل پہونچ کر مہلوکین کے ورثاء سے اظہار تعزیت کیا۔ مزید عہدیداران سے حادثاتی مقامات پر لائیٹنگ سگنلس وغیرہ کی تنصیب کیلئے اپنی طرف سے ضروری اقدامات کرنے کا تیقن دیا۔