بھونگیر میں خوفناک حادثہ، ایک ہلاک دوسرا زخمی

بھونگیر 30 ستمبر (سیاست نیوز) بھونگیر رورل کے موضع جمّاپور کے علاقہ میں حیدرآباد سے ورنگل کی سمت جارہی کار سڑک کے قریب واقع باؤلی میں گر کر حادثہ کا شکار ہوگئی۔ اس خوفناک حادثہ میں ایک شخص کی موت واقع ہوگئی اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق حیدرآباد کے متوطن بھانو، ومشی، راجیش تینوں موٹر سائیکل پر یادگیری گٹہ مندر کے درشن کے لئے حیدرآباد سے نکلتے وقت رامنتاپور میں شراب نوشی کے بعد یادگیر گٹہ آئے اور درشن کے بعد واپسی کے دوران براہ رائے گیر آتے ہوئے مزید نشہ کرنے محفوظ جگہ کی تلاش میں تھے۔ اسی وقت حیدرآباد سے ورنگل جانے والی سینٹرو کار چلانے والی پولی رگھو ساکن دھول پیٹ کو بھی شراب نوشی کے لئے کسی محفوظ جگہ کی تلاش تھی۔ اس طرح یہ چاروں افراد رائے گیر سے کچھ فاصلے تک جاکر نشہ کرنے کیلئے نکلے۔ موٹر سائیکل پر دو افراد سوار ہوگئے اور دو کار میں سوار ہوگئے۔ مخالف سمت سے آنے والی گاڑی سے بچتے ہوئے کار ڈرائیور توازن کھو بیٹھا اور کار جماپور موضع کے قریب ایک گہرے کھڈ میں گر گئی۔ اس طرح کار چلانے والا پولی رگھو جائے حادثہ پر ہی فوت ہوگیا اور موٹر سائیکل سے اُتر کر کار میں سوار ہونے والا بھانو ساکن رامنتاپور شدید زخمی ہوگیا۔ نعش اور زخمی کو ایریا ہاسپٹل بھونگیر منتقل کیا گیا۔ بھونگیر رورل سی آئی جواجی نریندر گوڑ، ایس آئیز بھکشاپتی، مدھو سدن جائے حادثہ پہونچ کر ضابطہ کی کارروائی کی۔