بھولکپور میں ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کی تکمیل میرا نصب العین

5 سال کے دوران 12 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ۔ عوامی مسائل کی بڑی حد تک یکسوئی : واجد حسین
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : کانگریس کے امیدوار بلدی حلقہ بھولکپور مسٹر ایس محمد واجد حسین نے کہا کہ انہوں نے اپنے 5 سالہ دور میں بھولکپور ڈیویژن کی ترقی پر تقریباً 12 کروڑ روپئے کے ترقیاتی و تعمیری کام کرائے ۔ ہنومان جینتی جلوس کا راستہ تبدیل کراتے ہوئے ہندو مسلم کشیدگی کو دور کرتے ہوئے عوام کو راحت فراہم کی ہے ۔ مسٹر ایس محمد واجد حسین کا کانگریس کے سینئیر اور ڈسپلن قائدین میں شمار ہوتا ہے ۔ گذشتہ جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں مجلس نے کانگریس سے مفاہمت کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں پارٹی ٹکٹ سے محروم کرادیا ۔ تاہم واجد حسین نے ہار نہیں مانی اور بحیثیت آزاد امیدوار مقابلہ کیا ۔ بھولکپور کے عوام نے انہیں کامیاب بناتے ہوئے اپنے اتحاد کا بھر پور ثبوت دیا ۔ بعد ازاں بلدی ڈیویژن بھولکپور کی ترقی کے لیے انہوں نے کانگریس کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے دوبارہ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی اور کانگریس کے دور اقتدار کا بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے بھولکپور ڈیویژن کی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولتوں کو فراہم کرنے کے لیے دن رات ایک کردی اور 12 کروڑ روپئے سے کئی ترقیاتی کام کرتے ہوئے عوامی مسائل کو بڑی حد تک دور کردیا ۔ بھولکپور میں آلودہ پانی نلوں سے سربراہ ہونے کے کئی مسائل تھے جس کے استعمال سے 14 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ تب بڑا ہنگامہ ہوا تھا تب انہوں نے حکومت سے موثر نمائندگی کرتے ہوئے متاثرین میں فی کس 2 لاکھ روپئے کا ایکس گریشیا دلوایا تھا ۔ یہی نہیں بھولکپور ڈیویژن کی تمام پینے کے پانی اور سیوریج لائن کو تبدیل کراتے ہوئے آلودہ پانی سربراہ ہونے کے مسئلہ کو بڑی حد تک دور کردیا ہے تمام قدیم پائپ لائن کو تبدیل کرنے سے آج بھولکپور کے تمام مکانات میں صاف ستھرا پانی سربراہ ہورہا ہے اور سیوریج لائن کی تبدیلی سے کتنی بھی تیز رفتار بارش ہو ایک انچ بھی گلیوں میں نہیں ٹھہرتا سب بہہ جاتا ہے ۔ اس کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کرتے ہوئے کام کرایا گیا ہے ۔ ایک مرتبہ ہنومان جلوس کے موقع پر بھولکپور مشیر آباد میں کشیدگی پیدا ہوگئی تھی فرقہ پرست طاقتوں نے ایک منظم سازش کے تحت حالت کو بگاڑنے کی کوشش کی تھی ۔ انہوں نے اس وقت کے پولیس کمشنر سے نمائندگی کرتے ہوئے ہنومان جلوس کا راستہ تبدیل کرادیا ۔ جس کی وجہ سے جو کشیدگی پیدا ہوئی تھی وہ بھی ختم ہوگئی ہے ۔ ان کے دور میں بھولکپور کے تاجرین کو کبھی کوئی ہراسانی اور پریشانی کا سامنا کرنا نہیں پڑا ۔ انہوں نے تاجرین کے خلاف کئے جانے والے ہر سازش کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے ہمیشہ ان کے مفادات کا تحفظ کرنے میں پیش پیش رہے ۔ اپوزیشن جماعتوں نے مختلف بہانوں اور الزامات کے تحت تاجرین کو پریشان کرنے کی کوشش کی ہے ۔ چمڑے کی تجارت کو دوسرے مقام پر منتقل کرنے کی کوشش کی ہے ۔ جس کی انہوں نے ہمیشہ مخالفت کی ہے ۔ ان چھوٹی چھوٹی تجارت سے 15 ہزار افراد کا روزگار وابستہ ہے ۔ وہ ترقیاتی کو بنیادی ایجنڈہ بناتے ہوئے عوام کے درمیان پہونچ رہے ہیں اور عوام بھی ان کا شاندار خیر مقدم کررہے ہیں ۔ انہیں یقین ہے اس مرتبہ بھی بھولکپور کے عوام اپنے اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں دوسری میعاد کے لیے کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کریں گے ۔۔