بھوبنیشوری ہم کو ووٹ دیں گی : چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر

حیدرآباد 31 جنوری (سیاست نیوز) ’’چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو کی شریک حیات بھونیشوری بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کو ووٹ دیں گی‘‘۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے آج رات پریڈ گراؤنڈ کے جلسہ عام میں یہ ریمارک کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ بھونیشوری شہر کی صورتحال اور حقائق سے اچھی طرح واقف ہیں اور اُنھوں نے انتخابی مہم میں مصروف کارکنوں سے اس بات کا انکشاف کیاکہ وہ ٹی آر ایس کو ووٹ دیں گی۔ کے سی آر نے چندرابابو نائیڈو کی تلنگانہ کے اُمور میں مداخلت پر تنقید کی اور کہاکہ آندھراپردیش کے چیف منسٹر کا حیدرآباد میں کیا کام ہے؟ اُنھیں اپنی ریاست کی ترقی کی فکر کرنی چاہئے۔ کے سی آر نے کہاکہ بابو انتخابی مہم میں حیدرآباد سے محبت کا اظہار اور حیدرآباد میں قیام کرنے کی بات کررہے ہیں۔ اُنھیں کس نے حیدرآباد میں قیام سے منع کیا۔ اگر وہ چاہیں تو ہیرٹیج کمپنی کے مزید یونٹس قائم کرسکتے ہیں اور تلنگانہ حکومت لائسنس دینے کے لئے تیار ہے۔ کے سی آر نے کہاکہ چندرابابو نائیڈو کا کاروبار اُن کی شریک حیات بھونیشوری حیدرآباد میں رہ کر دیکھ رہی ہیں اور نائیڈو چاہیں تو ہر 15 دن میں ایک بار حساب کتاب کے لئے آسکتے ہیں۔ کے سی آر نے نائیڈو کو مشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ کے اُمور میں مداخلت سے گریز کریں اور عوام نے جس کو جو ذمہ داری دی ہے اُس کی تکمیل پر توجہ دیں۔