بچوں کے دماغی صلاحیتوں، جسمانی ساخت اور ہڈیوں کا بروقت معائنہ کر وانے کا مشورہ

میسکو گریڈ اسکول میں کیروپراکٹک میڈیکل کیمپ کا افتتاح، جناب سی پی کنی محمد و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مارچ (پریس نوٹ) جناب سی پی کنی محمد سکریٹری جے ڈی ٹی اسلام کالی کٹ کیرالا نے کہا کہ اسکولی طلبہ و طالبات کی دماغی صلاحیتوں، جسمانی ساخت اور ہڈیوں کا بروقت معائنہ کرنے سے بچوں کے کئی خرابیوں کو دور کیا جاسکتا ہے ۔ جناب کنی محمد پالمیر یونیورسٹی امریکہ اور ادارہ سیاست کی جانب سے دو روزہ اسکول طلبہ و طالبات کا کیرو پراکٹک میڈیکل کیمپ کا میسکو گریٹس ملک پیٹ میں افتتاح کرنے کے بعد مخاطب تھے ۔ ابتداء میں ڈاکٹر سید غوث الدین کوآرڈینیٹر کیمپ نے مہمان خصوصی کیرو پراکٹک فیکلٹی ممبرز اور ڈاکٹرز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ پالمیر یونیورسٹی امریکہ کی جانب سے ادارہ سیاست کے تعاون سے گزشتہ 18 برسوں سے سال میں دو دفعہ مفت کیرو پراکٹک میڈیکل کیمپ کا حیدرآباد میں انعقاد عمل میں لارہے ہیں جس میں دو دن اسکولی طلبہ و طالبات کیلئے اور تین دفعہ مرد و خواتین کے جسمانی تکالیف کا معائنہ اور علاج مفت میں کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر ادارہ سیاست کی ملی ، سماجی ، تہذیبی ، طبی سرگرمیوں کا تفصیل سے ذکر کیا اور پروفیسر معین انصاری چیرمین بورڈ آف نیوٹریشن پالمیر یونیورسٹی اور محترمہ شاہدہ انصاری کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی رہنمائی میں حید ر آباد میں کیرو پراکٹک میڈیکل کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ جناب کنی محمد نے اپنی تقریر میں کہا کہ کیرالا میں بھی سال گزشتہ ان کے سنٹر کالی کٹ پر کیرو پراکٹک کا کیمپ منعقد کیا گیا تھا جس سے ہزاروں مرد و خواتین نے استفادہ حاصل کیا اور اپنے تکالیف دور کئے ۔ ا نہوں نے حیدرآباد میں ادارہ سیاست کی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سیاست اردو کا ایک بین الاقوامی مشہور اخبار ہے اور ملت خاص طور پر مسلمانوں کے تعلیمی ، معاشی ، سماجی مسائل کو حل کرنے کیلئے ہمیشہ کوشاں ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست ، جناب ظہیرالدین علی خاں مینجنگ ایڈیٹر ، جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کی خدمات کو زبردست خراج تحسین ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ ادارہ سیاست ملی اور سماجی مسائل کے حل کیلئے حیدرآباد میں ایک اہم رول ادا کرے گا ۔ پروفیسر معین انصاری نے اپنی تقریر میں پالمیر یونیورسٹی ، امریکہ کے ہندوستان کے دورہ خاص طور پر حیدرآباد میں کیرو پراکٹک میڈیکل کیمپ کی خصوصی دلچسپی اور کیرو پراکٹک ڈاکٹروں کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ ہر ڈاکٹر دوبارہ حیدرآباد آنے کا متمنی رہتا ہے ۔ محترمہ شاہدہ انصاری نے کہا کہ ادارہ سیاست نے طب کے میدان میں کیرو پراکٹک میڈیکل کیمپ کا گزشتہ کئی برسوں سے حیدرآباد میں کیمپ منعقد کرتے ہوئے نہ صرف امریکہ بلکہ دنیا میں اپنا مقام بنالیا ہے ۔ اس موقع پر فیکلٹی ممبرز پروفیسر ڈاکٹر لیساجیول اور ڈاکٹر ٹمک لارک نے بھی مخاطب کیا اور کیرو پراکٹک طریقہ علاج کی اہمیت اور افادیت اور دنیا میں ہورہے مختلف کیمپس کا ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کے کیمپس سے نہ صرف حیدرآباد بلکہ ہندوستان کے مختلف مقامات کی عوام استفادہ حاصل کرے گی ۔ اس موقع پر جناب اسمعیل سیف الدین (جدہ) ، جناب محمد نعیم ، جناب محمد ناصر اڈمنسٹریٹر میسکو گریڈس اسکول ، ملک پیٹ ، پرنسپل ، اساتذہ موجود تھے ۔ جملہ 500 طالبات کا کیرو پراکٹک ڈاکٹرز نے معائنہ کیا اور طبی مشورے دیئے ۔ جناب محمد برکت علی ، جناب ایم این بیگ ، جناب محمد ذیشان اور اسکول کے اسٹاف نے کیمپ کو کامیاب کرنے کیلئے تعاون کیا ۔ اس موقع پر جناب کنی محمد کو چارمینار کا مومنٹو پیش کیا گیا ۔