بچوں کے حقوق اور مسائل کیلئے اقدامات

جگتیال۔/27فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بچوں کے حقوق اور مسائل کی یکسوئی کیلئے ہر کسی کو اقدامات کرنا ضروری ہے۔ ان کے سنہری مستقبل کیلئے سرپنچس اقدامات کرنا چاہیئے۔ ان خیالات کا اظہار جگتیال سب کلکٹر مسٹر سریکیش بی لٹکر نے آج سب کلکٹر آفس میں ڈیویژن کے سرپنچوں کے ساتھ بچوں کے حقوق کے تحفظ اسکیم (ICDS) کی جانب سے منعقدہ شعور بیداری پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ کم عمر بچیوں کی شادیوں کی روک تھام اور بچوں کے حقوق کے تعلق سے پوسٹر کا رسم اجراء انجام دیا۔ اس موقع پر انہوں نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 18سال سے کم عمر لڑکے اور لڑکیوں کے مسائل اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے سرپنچس کو اقدامات کرنے چاہیئے۔ ان کے حقوق کے تحفظ اور سنہری مستقبل کیلئے بچہ قانون 2000 کو روبہ عمل لایا گیا ہے۔ اس موقع پر ICDS پراجکٹ ڈائرکٹر موہن ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے لڑکے اور لڑکیوں کیلئے مختلف مسائل کیلئے مفید مشوروں کیلئے ٹول فری فون نمبر 1098 قائم کیا گیا ہے۔ ہر موضع کے آنگن واڑی سنیٹرس کے ذاتی عمارت کی تعمیر کیلئے درکار فنڈس مقامی سرپنچ اراضی دینے پر عمارت تعمیر کرنے کا تیقن دیا۔ اس موقع پر ضلع بچہ تحفظ آفرس پراوین نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لڑکے اور لڑکیاں کے ساتھ ہونے والے مسائل کی یکسوئی کیلئے ضلع منڈل اور مواضعات سطح کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ ضلعی سطح پر زیڈ پی چیرمین ضلع کلکٹر اور منڈل سطح پر منڈل پریشد پریسیڈنٹ مواضعات میں سرپنچ اسپیشل آفیسر صدر ہوں گے۔ اس موقع پر بچوں کے حقوق کے تحفظ کے سلسلہ میں شائع کردہ پلے کارڈ سرپنچوں کو تقسیم کئے گئے۔