بچوں کے اغواء کار کو 9ماہ کی سزاء

حسن آباد۔/24 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حسن آباد ٹاؤن و منڈل کے مختلف مواضعات میں گزشتہ سال پیش آئے متواتر کمسن بچوں کے اغوا میں ملوث موض بنٹو پلی کے متوطن پی ناگا راجو کو آج حسن آباد پرنسپل جوڈیشیل فرسٹ کلاس مجسٹریٹ نے استغاثہ کے الزامات ثابت ہونے کی پاداش میں 9 ماہ کی سخت سزا و 5 ہزار روپئے کا بھاری جرمانہ عائد کیا۔سب انسپکٹر سدھاکر کے بموجب اغوا کار پی ناگا راجو کے خلاف گزشتہ سال ماہ اکٹوبر میں 3 سالہ پرمیش نامی کم عمر لڑکے کے اغواء میں ملوث پاکر گرفتار کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا تھا۔ مقدمہ کی قطعی سماعت کے بعد آج فرسٹ کلاس مجسٹریٹ انشوا نے خاطی ناگا راجو کو 9ماہ کی سخت سزا اور 5 ہزار روپئے جرمانہ عائد کرتے ہوئے فیصلہ سنادیا۔