بچوں کو ’’شکریہ ‘‘ کہنا سکھائیں

بچوں کی پرورش اور اچھی تربیت نا صرف انہیں اچھا انسان بناتی ہے بلکہ ان کو معاشرے کا ایک اہم اور پسندیدہ رکن بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ اسی لئے اگر آپ کے بچے چھوٹے ہیں تو ان کی پڑھائی پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ انہیں معاشرے کے آداب بھی سکھائیں۔

عام طور پر لوگ بچوں کو کوئی نہ کوئی گفٹ ، ٹافی یا چاکلیٹ ضرور دیتے ہیں بالکل ایسے ہی کہ جیسے جب بھی کوئی بچہ ہمارے گھر میں ملنے کیلئے آتا ہے تو ہم اس بچے کو اپنی خوشی سے کچھ نہ کچھ ضرور دیتے ہیں تاکہ بچے کو خوشی ہو اور وہ خوش ہوکر ہمارے گھر سے جائے ۔اب ایسے وقت میں بچے کو کیا کرنا چاہئے ۔ آپ بچوں کو سکھائیں کہ انہیں جب بھی کوئی ٹافی ، چاکلیٹ یا کوئی بھی گفٹ دے تو وہ اسے لیتے وقت دینے والے کا شکریہ ضرور ادا کریں ۔ آج کل کے بچے اپنی پسند کی چیز حاصل ہونے کے بعد بھی اپنے بڑوں کو شکریہ نہیں کہتے ۔ آداب ہمیں یہ سکھاتے ہیں کہ ہم دینے والے کو شکریہ ضرور کہیں اور یہی بات اب ہمیں اپنے بچوں کو سکھانی ہے ۔ اس کا آغاز گھر سے ہی کریں ۔ جب بھی آپ اپنے بچے کو چاکلیٹ ٹافی یا ان کی کوئی پسندیدہ چیز انہیں دیں تو دینے کے بعد بچے کو کہیں کہ وہ آپ کو شکریہ کہے ۔ اس طرح بار بار بلکہ ہر بار اسے یہ بات باور کرواتی رہیں تاکہ اسے یہ بات ذہن نشین ہوجائے اور اس کی شکریہ کہنے کی عادت پختہ ہوجائے ۔