بچوں کو اسلامی معلومات سے آراستہ کرنے کی تلقین

محبوب نگر میں منعقدہ پروگرام سے محمد اکبر الماس کا خطاب
محبوب نگر۔/30اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اسلام اور حق و صداقت کی آواز کو اقوام عالم تک پہنچایا۔ امت محمدیہ ؐ کا منصب ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک لاکھ صحابہ کرامؓ کے مجمع کو مخاطب کرتے ہوئے نصیحت فرمائی اور یہ قیامت تک آنے والے مسلمانوں کی ذمہ داری ہے۔ ان باتوں کا اظہار محمد اکبر الماس نے آج دوپہر مستقر کے الماس فنکشن ہال میں ایک پروگرام میں کیا۔وہ ستیہ شانتی سندیش کیندرم (SSSK) کے زیر اہتمام سیرت کوئز مقابلوں کے بروچرس کی رسم اجراء تقریب سے مخاطب تھے۔ انہوں نے ایس ایس ایس کی کاوشوں کی ستائش کی کہ مسلمانوں کے علاوہ غیر مسلموں میں بھی سیرت کے پہلوؤں کو اُجاگر کرنے کی سعی کی جارہی ہے۔ عبدالہادی ایڈوکیٹ نے کہا کہ تبلیغ دین کا کام سارے مسلمانوں کا ہے۔ انہوں نے والدین اور سرپرستوں کو مشورہ دیا کہ اپنے بچوں کو اسلامی بنیادی معلومات سے آراستہ کریں۔ عصری تعلیم کے ساتھ دینی اور اخلاقی تعلیم پر توجہ ضروری ہے۔ عبدالناصر مظاہری بانی و صدر ایس ایس ایس کے نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ اقلیتی طلباء کیلئے سیرت کوئز مقابلوں کیلئے دو گروپ بنائے گئے ہیں۔ گروپ اے چھٹویں تا دسویں جماعت اور گروپ بی میں انٹر تا ڈگری کے طلباء حصہ لے سکتے ہیں۔ درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 25 نومبر ہے۔ جبکہ 2 ڈسمبر کو ہدیٰ اسکول نیو ٹاؤن محبوب نگر میں مقابلے منعقد ہوں گے جس کا عنوان ’ زندگی میں امن کیسے ممکن ہے ‘‘ اس میں دو گروپس ہوں گے۔ پہلا گروپ اے چھٹویں تا دسویں جماعت اور دوسرا گروپ بی انٹر تا ڈگری کے طلباء کیلئے ہوگا۔ جملہ انعامات ایک لاکھ روپئے کے ہوں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک ہزار غیر مسلم طلباء کی شرکت کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ مقابلوں میں تلگو، انگلش اور ہندی میڈیم کے طلباء حصہ لے سکتے ہیں۔ اس موقع پر عبدالرحمن موظف لکچرر ، عبدالرزاق این آر آئی نے بھی مخاطب کیا۔ مزید تفصیلات کیلئے 9866805078 ، 7396009417 پر ربط کیا جاسکتا ہے۔