بچوں کوخوش خط ، لکھنا کیسے سکھائیں …!!

والدین ابتدائی جماعتوں میں ہی بچے کو لکھنے کے آداب سکھائیں اور اسے خود خط لکھنے کی عادت ڈالیں کیونکہ لکھائی کا یہ ہنر ہمیشہ بچے کے کام آئے گا ۔ آج کل بچوں کوٹیبلیٹ اور آئی پیڈ وغیرہ دلانے کا رجحان عام ہوگیا ہے اور ہر دوسرے بچے کے پاس یہ چیزیں نظر آتی ہیںلیکن ٹکنالوجی کی یہ ترقی بچوںکو بنیادی پڑھائی لکھائی

یعنی کتاب پڑھنے اور ہاتھ سے لکھنے کے عمل سے دور کررہی ہے ۔جب کوئی بچہ پہلے پہل کوئی حرف بنانا سیکھتا ہے تو اس کی لکھائی کے ساتھ ساتھ اس کی ذہنی تربیت کا آغاز ہوجاتا ہے ‘ جوں جوں وہ کسی حرف کی بناوٹ پر توجہ دیتا ہے اس کی ذہنی کارکردگی اور یادداشت میں اضافہ ہوتا ہے ۔ پھر جب آپ اسے خوش خط لکھنا سکھائیں گی اور وہ مختلف حروف کو درست اور خوبصورت انداز میں لکھنے کی کوشش کرے گا تو اس عمل سے اس کی ذہنی مشق ہوگی جو آگے چل کر قدم قدم پر اس کیلئے سودمند ثابت ہوگی ۔ اچھی ہینڈ رائٹنگ کے سبب بچے کو نہ صرف ٹیچرز اور ساتھیوں کی تعریف و پذیرائی حاصل ہوگی بلکہ ہر ٹسٹ اور امتحان میں اسے زیادہ سے زیادہ مارکس ملیں گے ۔