بٹلرکو اشون کا آوٹ کرنا،سوشل میڈیا پردلچسپ تبصرے

جے پور۔26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جے پور کے سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں راجستھان رائلس اورکنگس الیون پنجاب کے درمیان آئی پی ایل میچ میں اس وقت تنازعہ پیدا ہوگیا جب روی چندرن اشون نے راجستھان کے بیٹسمین جوس بٹلر کو مانکڑ آؤٹ کردیا۔ یہ آئی پی ایل میں پہلا موقع ہے جب کوئی کھلاڑی مانکڑ آؤٹ ہوا ہو۔میچ کے 13ویں اوور میں اشون سنجو سامسن کو بولنگ کررہے تھے تبھی اچانک سے وہ رکے اور انہوں نے دیکھا کہ نان اسٹرائک پر بٹلر کریز کے باہر ہیں اور انہوں نے بیلس اڑادیں۔ اشون نے مانکڑ کی اپیل کی اور تھرڈ امپائر نے بٹلرکو آؤٹ دے دیا۔ اس درمیان بٹلر اور اشون کے درمیان بحث بھی ہوگئی۔ آؤٹ دئے جانے کے بعد بٹلرکافی غصے میں آگئے اور وہ جھلاتے ہوئے پویلین سے باہر گئے۔ بٹلر نے69 رنز کی اننگز کھیلی اور آئی پی ایل میں اپنی7ویں نصف سنچری لگائی۔ مانکڑ آوٹ ہونے کے اس انداز کو کہتے ہیں ،اگر بولر گیند پھینکنے کے دوران بولنگ سرے پرکھڑے بیٹسمین کے کریز چھوڑ دینے پر گیند پھینکنے سے پہلے رن آؤٹ کردیتا ہے۔ آؤٹ کرنے کا یہ طریقہ پہلی مرتبہ 13 دسمبر 1947کو ہندوستانی ٹیم کے آسٹریلیا دورے پر خبروں میں آیا تھا۔ اس دورے میں سڈنی میں کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میں ہندوستانی ٹیم کے بولروینو مانکڑ نے پہلی مرتبہ اس طریقے سے کسی بیٹسمین کو آؤٹ کیا تھا۔ مانکڑ کے شکار بنے تھے آسٹریلیائی بل براؤن۔ تبھی سے آؤٹ کرنے کے اس طریقے کو رسمی طور پر مانکڑ آؤٹ کہا جانے لگا۔علاوہ ازیں آئی پی ایل کے اس منظر کا اس وقت سوشل میڈیابہت چرچہ ہے اور اسے عامر خان کی بالی ووڈ فلم ’’لگان‘‘ کے منظر سے تقابل کرتے ہوئے بدلہ قرار دیا جارہا ہے کیونکہ فلم لگان میں انگریز بولر ہندوستانی بیٹسمین کو ایسے ہی انداز سے آوٹ کرتا ہے اور اب اشون نے انگریز بیٹسمین کو ایسے ہی آوٹ کردیا،یہ عوام بتارہے ہیں۔