بوگس سرکیولر کی اشاعت پر نرسنگ ہومس پر دھاوے

بودھن /30 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) میڈیکل اینڈ پبلک ہیلت ڈپارٹمنٹ آندھراپردیش کی جانب سے 20 جنوری کو ایک بوگس عوامی نوٹس سلسلہ نشان DMHO.NZB/LrBC.No 19950/E6.D/13 بتاریخ 3-1-2014 ڈاکٹر گووندواکمرے DMHO نظام آباد کے دفتر سے جاری ہوا جو بودھن شہر کے اہم عوامی مقامات کی دیواروں پر چسپاں پایا گیا ۔ جس میں بودھن بس اسٹانڈ کے قریب واقع تین نرسنگ ہومس کے میڈیکل شاپس میں نقلی ادویات فروخت کئے جانے اور ان دواخانوں سے عوام کو رجوع نہ ہونے کی ہدایت دی گئی اور ان نرسنگ ہوم کے تعلق سے پیش آنے والی شکایتوں سے DMHO اور ضلع کلکٹر کو واقف کروانے کی عوام کو ہدایت دی گئی اور اس سرکولر میں DMHO اور ضلع کلکٹر کے لینڈ لائن فون نمبرات درج کئے گئے ۔ متعلقہ خانگی دواخانوں کے ڈاکٹرس فوری حرکت میں آتے ہوئے اس نوٹس کا سخت نوٹ لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر سے ربط پیدا کیا ۔ DMHO نے ان کے دفتر سے مذکورہ سلسلہ نشان والے کسی بھی سرکولر کی اجرائی کے تعلق سے لاعلمی کا اظہار کیا ۔

بودھن کے ڈاکٹرس نے اپنی انجمن کی جانب سے اس جعلی گمنام سرکولر کے جاری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ضلع ایس پی نظام آباد ترون جوشی سے ملاقات کرتے ہوئے شکایت کی ۔ ڈاکٹرس کے مطابق پولیس نے ان کی یادداشت پر کوئی توجہ نہیں دی ۔ آج صبح اچانک اے ڈی ڈرگس کنٹرولر نظام آباد مسٹر رویندر ناتھ سائی کی قیادت میں چار عہدیدار راجہ ریڈی گیتا ریڈی ، تروپتی ریڈی اور پرساد پر مشتمل ٹیم بودھن پہونچ کر مذکورہ تین دواخانوں کے میڈیکل شاپس پر موجود ادویات کی جانچ کی ۔ بعد ازاں انہوں نے مذکورہ میڈیکل شاپس میں کوئی بھی نقلی دوا نہ پائے جانے کا اخباری نمائندوں کے سامنے اعلان کیا ۔ ڈرگس کنٹرولر ٹیم کے عہدیداروں سے مذکورہ سرکولر کے تعلق سے دریافت کرنے پر انہوں نے بتایا کہ اس سرکولر کو ان کے محکمہ نے عوامی شکایت تصور کرتے ہوئے کارروائی انجام دی ۔

اے ڈی ڈگرس کنٹرولر کی اس طرح کی کارروائی پر دیگر میڈیکل شاپس مالکین نے تشویش کا اظہار کیا ۔ حکومت آندھراپردیش کے لیٹر ہیڈ پر بوگس سرکولر کی اجرائی اور اس پر کارروائی کے نام پر بودھن کے نرسنگ ہومس پر دھاوے کئے جانے کے خلاف بودھن کے ڈاکٹرس نے سخت احتجاج کیا اور یہاں کے ڈاکٹرس نے ان کی انجمن کی توسط سے ضلع کلکٹر نظام آباد سے ملاقات کرتے ہوئے یہاں بودھن میں مخصوص ڈاکٹرس اور میڈیکل شاپس کے خلاف منظم طریقہ پر تحریک چلانے والے افراد کا پتہ چلانے کا مطالبہ کرنے کا فیصلہ کیا ۔
٭ ٭ ٭