بوکوحرام بندوق برداروں کا حملہ، عالم دین جاں بحق

مائیدوگڑی (نائجیریا) ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نائجیریا میں دہشت گرد گروپ بوکوحرام کے بندوق برداروں نے آج ایک اسلامی مذہبی پیشوا کو شمال مشرقی ریاست بورنو میں ایک حملہ میں ہلاک کردیا جہاں شاہی خاندان کے دیگر دو مسلم ارکان کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا لیکن وہ بال بال بچ گئے۔ بورنو کی صوبائی حکومت نے کہا کہ گبوزا کے امیر ادریس ٹمٹا کو بورنو کے علاقہ ٹشان الاڈے میں گولی ماردی گئی جب وہ ایک دوسرے بزرگ عالم دین کے جنازہ میں شرکت کیلئے سڑک راستہ سے صرف کررہے تھے۔ عبہ کے امیر علی ابن اسماعیلہ حمزہ اور امیر عسکیرا عبداللہی ابن محمدو عسکی رما بھی اس قافلہ میں شامل تھے جن پر حملہ تو کیا گیا لیکن وہ بال بال بچ گئے۔ بورنو کے ریاستی سکریٹری بابا احمد جدہ کے بیان میں کہا گیا ہیکہ ’’بندوق برداروں نے تین امیروں کی کار کو نشانہ بنایا اور اندھادھند فائرنگ کی۔

اسپین میں 6 جہادی گرفتار
میڈریڈ ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اسپین کے سیکوریٹی فورسیس نے آج طلوع سے قبل اسپین کے زیرقبضہ شمال افریقی علاقہ میلیلا کے مقامات پر دھاوا کرتے ہوئے 6 مشتبہ جہادیوں کو گرفتار کرلیا۔ اس کارروائی میں عہدیداروں نے ایک بین الاقوامی نیٹ ورک کو تباہ کردیا جو جہادی کی بھرتی کرتے ہوئے انہیں مالی اور لیبیا میں واقع دہشت گرد تنظیموں میں شمولیت کیلئے روانہ کررہا تھا۔ ہسپانوی وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’تاحال 6 جہادی عناصر گرفتار کئے جاچکے ہیں اور دیگر 8 مقامات پر تلاش جاری ہے۔ گرفتار شدگان میں وہ پہلا جہادی بھی شامل ہیں جو مغربی افریقہ میں تحریک برائے وحدت و جہاد کے کیمپوں میں تربیت حاصل کرنے کے بعد مالی کے تصادم میں حصہ لیا تھا اور حال ہی میں اسپین واپس پہنچا تھا‘‘۔ تحریک وحدت و جہاد، القاعدہ دراصل مالی میں سرگرم القاعدہ کا علحدہ شدہ گروپ ہے۔ اس گروپ کے ایک ترجمان نے گذشتہ ماہ خبر رساں ادارہ اے ایف پی سے کہا تھا کہ اس کے پاس ایک 62 سالہ فرانسیسی یرغمال گلبرٹو راڈریجس لیال میں موجود تھا جسے ہلاک کردیا گیا ہے کیونکہ ’’فرانس ہمارا دشمن ہے‘‘۔