بولنگ مسائل سے پریشان پونے کا آج ممبئی سے مقابلہ

پونے۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) رواں سیزن پانچویں ناکامی کے بعد رائزنگ پونے سوپر جائنٹس کا کل دفاعی چمپین ممبئی انڈینس کے خلاف اہم مقابلہ ہوگا، جہاں خوش قسمت تصور کئے جانے والے کپتان مہیندر سنگھ دھونی اپنی ٹیم کے بولنگ مسائل کو ختم کرنے کے خواہاں ہیں۔ 7 مقابلوں میں پونے کو پانچ ناکامیاں برداشت کرنی پڑی ہیں اور وہ آٹھ ٹیموں کے اس ٹورنمنٹ میں 4 نشانات کے ذریعہ چھٹے مقام پر پہنچ چکی ہیں، اب جبکہ ٹورنمنٹ اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہورہا ہے تو دھونی کے ہاتھ سے وقت تیزی سے نکلا جارہا ہے، نیز کل ممبئی انڈینس کے خلاف ایک اور ناکامی اس کے مسائل کو مزید سنگین کردے گی۔ پونے کے لئے بولنگ مسائل کافی سنگین ہے

کیونکہ البی مرکل، اشوک ڈنڈا ، تھسارا پریرا اور روی چندرن اشون کی موجودگی کے باوجود وہ گزشتہ مقابلے میں گجرات کے خلاف 195 رنز کا ہمالیائی اسکور بھی محفوظ نہیں رکھ پائی۔ دوسری جانب ممبئی انڈینس کی ٹیم نے پنجاب اور کولکتہ کے خلاف متواتر کامیابیوں کے ذریعہ اگلے مرحلے میں رسائی کیلئے امکانات روشن کرلئے ہیں۔ ممبئی انڈینس جس نے ٹورنمنٹ کا ناقص آغاز کیا تھا ، لیکن روہت شرما کی مثالی اننگز کی بدولت اس نے کامیابی کی سمت واپسی کرلی ہے۔ گزشتہ مقابلے میں کولکتہ کے خلاف کیرن پولارڈ نے 17 گیندوں میں 51 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے ٹورنمنٹ کی تیز ترین نصف سنچری اسکور کی ہے۔ ممبئی کے لئے پانڈیا بھائیوں کی موجودگی بھی بیٹنگ اور بولنگ شعبہ میں ٹیم کو تقویت فراہم کرنے کا ایک اچھا ذریعہ بن چکی ہے۔