بولروں کی ناکامی، انتظا میہ کی عامر پر نظریں

لندن ۔15مئی (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز میں بولروںکی ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان ٹیم انتظامیہ پریشانی سے دوچار ہو گئی ہے اور اس نے تمام نظریں محمد عامر کی فٹنس پر مرکوز کرلی ہیں۔انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوا تو محمد عامر کو بولنگ کا موقع نہ مل سکا جبکہ دوسرے میچ سے قبل محمد عامر وائرل انفیکشن کا شکار ہوگئے اور پھر چکن پاکس کی تشخیص کی گئی جس کے باعث وہ دوسرا اور تیسرا میچ نہ کھیل سکے۔ بولروں کی انگلینڈ میں اب تک ناقص کارکردگی کے بعد ٹیم مینجمنٹ پریشانی سے دو چار ہے ، ہیڈ کوچ مکی آرتھر محمد عامر کو سیریز کے باقی میچز میں کھلانے کے خواہش مند ہیں جس کے لیے محمد عامر کی فٹنس کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔ چکن پاکس کی شدت زیادہ نہیں ہے اور محمد عامر کو چوتھے نہیں تو پانچویں میچ میں ضرور کھلایا جا سکتا ہے۔
ہیڈ کوچ مکی آرتھر اب محمد عامرکو ورلڈ کپ اسکواڈ میں دیکھنا چاہتے ہیں اس لیئے اس سے پہلے وہ محمد عامر انگلینڈ کے کھلانے کے لیئے بے چین ہیں۔ سیریز کا چوتھا ون ڈے 17 اور آخری ونڈے 19 مئی کو کھیلا جائے گا جس کے بعد ورلڈ کپ کے لیئے پاکستان کے اسکواڈ کو حتمی شکل دی جائے گی۔