بورا بنڈہ کی مختلف گنجان مسلم بستیوں میں تقسیم امداد کا سلسلہ جاری

سیاست و فیض عام ٹرسٹ سے زندہ طلسمات کا بھی تعاون ۔ تقریبا 600 خاندانوں میں چاول و دیگر اشیا تقسیم کی گئیں
حیدرآباد 27 ستمبر ( سیاست نیوز ) روزنامہ سیاست و فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے بارش سے متاثرہ علاقوں میں امداد کی تقسیم آج بھی جاری رہی ۔ حلقہ اسمبلی کوکٹ پلی اور جوبلی ہلز سے ملحقہ گنجان مسلم آبادی والے علاقوں سلیمان نگر ، صفدر نگر فیس I اور II راجیو گاندھی نگر فیس I اور II ، یوسف نگر ، پائپ لائن بستی کے علاوہ آج سیاست کی خدمات کو پدماوتی نگر تک وسعت دی گئی اور اس کاز میں زندہ طلسمات نے بھی حصہ لیتے ہوئے بارش سے متاثرہ پریشان حال عوام میں زندہ طلسمات کو تقسیم کیا ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی ہدایت پر جنرل منیجر سیاست جناب میر شجاعت علی نے آج سیاست کے راحت کاری اقدامات کا جائزہ لیا اور متاثرہ عوام میں چاول کی تقسیم عمل میں لائی ۔ 5 کیلو چاول پر مشتمل چاول کے پیاکٹس تقریبا 600 خاندانوں میں تقسیم کئے گئے اور سیاست کی راحت کاری ٹیمیں ان علاقوں میں 24 گھنٹے چوکسی اختیار کیے ہوئے ہیں جنکی نگرانی نیو ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں کررہے ہیں ۔ آج راحت اقدامات میں چاول کی تقسیم کے علاوہ کمسن بچوں کیلئے دودھ کا پاوڈر اور بسکٹ تقسیم کئے گئے اور گھر گھر پہونچکر امداد کی تقسیم اور حالات سے آگہی کا سلسلہ جاری ہے علاقہ سے پانی کی عدم نکاسی سے علاقہ میں مشکلات پائی جاتی ہیں اور عوام پریشان ہیں ۔ ان علاقوں میں راحت کاری کے لیے سرگرم سیاست کی ٹیموں نے بلدی عہدیداروں اور دیگر محکمہ جات کو آگاہ کرنے اور اقدامات پر زور دینا شروع کردیا ہے تاکہ ان علاقوں کی عوام کی مشکلات کو فورا دور کیا جاسکے ۔ جناب آصف احمد جو سیاست ریلیف ٹیموں کے نگرانکار ہیں ۔ کارپوریٹر محترمہ صبیحہ بیگم اور جناب محمد غوث الدین صدر میناریٹی سیل ٹی آر ایس ضلع رنگاریڈی کے ہمراہ ان علاقوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ صبح ہی سے متاثرہ مصیبت زدہ عوام کی دہلیز تک پہونچکر ان کے مسائل سے آگہی حاصل کی جارہی ہے ۔ اور ساتھ ہی ان میں امداد کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ دو روز کے دوران ان علاقوں میں پانی کسی قدر کم ہوا ہے ۔ تاہم برساتی پانی کی نکاسی کا موثر انتظام نہ ہونے سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے ۔ سیاست کی راحت کاری ٹیموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عوام کی ہر تکلیف کا خیال رکھیں بالخصوص صحت اور صفائی کے مسائل پر اپنی توجہ مرکوز کریں ۔ اس موقع پر سیاست مارکیٹنگ شعبہ سے احمد قادری ، آصف احمد ، دستگیر و دیگر موجود تھے ۔