بودھن میں 4مستحق لڑکیوں کی شادیوں کا انعقاد

بودھن۔28فبروری( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع صدر وقف کمیٹی جناب محمد جاوید اکرم کی زیرنگرانی ڈاکٹر علامہ اقبال اردو گھر بودھن میں اجتماعی شادیوں کا انعقاد عمل میں آیا ۔ اس تقریب میں شریک مہمان خصوصی ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر پی سدرشن ریڈی نے اپنے خطاب میں بتایا کہ قبل ازیں مستحق غریب لڑکی کی شادی کیلئے محکمہ اقلیتی بہبود حکومت آندھراپردیش کی جانب سے 15 ہزار روپئے امداد جاری کی جاتی تھی لیکن عوامی مطالبہ پر حکومت نے امداد کی رقم میں اضافہ کرتے ہوئے 25ہزار کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ضلع نظام آباد میں 88مستحق لڑکیوں کی شادی کیلئے ریاستی حکومت نے فنڈز جاری کیا لیکن مالیاتی سال 2013-2014ء کا اختتام ہونے صرف ایک ماہ باقی ہے ‘ ابھی تک صرف 20شادیاں انجام دی گئی ۔ بعض افراد کی جانب سے امدادی رقم کو دگنی کرنے کی تجویز پیش کرنے پر مسٹر سدرشن ریڈی نے کہا کہ پہلے اس سال کا نشانہ مکمل کرلیں بعد میں پیش کی جانے والی تجاویز پر غور کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر شادی کیلئے 25ہزار ناکافی ہوں تو مزید رقم مقامی طور پر اکٹھا کر کے شادی کے انتظامات انجام دیں ۔

قبل ازیں ضلع صدروقف کمیٹی جناب جاوید اکرم نے اپنے خطاب میں ریاستی وزیر مسٹر سدرشن ریڈی اور حکومت سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ مسٹر سدرشن ریڈی کی خصوصی دلچسپی کے باعث بودھن میں اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ آئندہ ماہ ضلع نظام آباد میں جملہ 40اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا جائے گا ۔ رکن پارلیمنٹ مسٹر مدھو یشکی گوڑ نے بھی اس اردو گھر پہنچ کرنوبیاہتا جوڑوں کو مبارکباد پیش کی ۔ عقد کا وقت بعد نماز عصر مقرر کیا گیا تھا لیکن مہمان خصوصی کے انتظار میں رات 7.30 بجے انجام دیا گیا لیکن پھر بھی مہمان خصوصی مسٹر سدرشن ریڈی کو آنے میں تاخیر ہوئی ‘ رات 9.30 بجے مسٹر ریڈی شادی خانہ پہنچے تب تک دو جوڑے یہاں سے رخصت ہوچکے تھے ۔ جملہ چار شادیاں انجام دی گئی ۔ محفل عقد میں ضلع میناریٹی ویلفیر آفیسر مسٹر مادھو راؤ تحصیلدار بودھن کے علاوہ شیخ احمد ضیاء‘ ثناء پٹیل ‘ محمدابراہیم چیرمین اردو گھر ‘ارکان کمیٹی شیخ وحید‘ غوث الدین شکرنگری اور وقف کمیٹی کے ارکان محمد اعجاز وغیرہ شریک تھے۔