بودھن میں مجموعی طورپر رائے دہی پرامن

بعض پولنگ بوتھس پر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں بحث و تکرار

بودھن /30 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ارکان بلدیہ بودھن کے انتخاب کے لئے آج مقررہ رائے دہی کا صبح سات بجے آغاز ہوا۔ سوائے محلہ علی آباد بلدی حلقہ نمبر 24 کے بوتھ نمبر ایک کے جہاں ای وی ایم مشین غیر کار کرد ہونے کی وجہ سے، جس کو تبدیل کرنے میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے یہاں رائے دہی کا آغاز ہوا، بلدی حلقہ نمبر 25 میں کانگریس اور ٹی آر ایس کے کارکنوں میں بحث و تکرار ہوگئی اور بلدی حلقہ نمبر 11 میں بعض سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی جانب سے پولنگ اسٹیشن کے حدود میں داخل ہوکر رائے دہندوں کو راغب کرنے کی کوشش پر پولیس نے مذکورہ مقامات پر ہلکا سا لاٹھی چارج کیا۔ قبل ازیں سب کلکٹر بودھن ہری نارائن نے شہر کے مختلف بلدی حلقوں میں قائم پولنگ اسٹیشنس کا دورہ کیا۔ بعض پولنگ مراکز پر پینے کا پانی نہ ہونے کی وجہ سے رائے دہندوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ بلدی حلقہ نمبر 15 کے پولنگ اسٹیشن پر تعین پولیس عہدہ دار نے رائے دہندوں کو سیل فون لے کر مرکز رائے دہی میں داخل ہونے سے روکا۔ دوپہر ایک بجے تک بودھن شہر کے جملہ 35 بلدی حلقوں میں مجموعی طورپر 54 فیصد رائے دہی درج کی گئی۔ گزشتہ رات شکر نگر ایل آر کواٹرس میں پولیس نے ایک کوارٹر میں داخل ہوکر تلاشی کے نام پر گھر کا سارا سامان بکھیردیا، لیکن پولیس کو یہاں سے کوئی ممنوعہ شے برآمد نہیں ہوئی۔ پولیس کی اس طرح کی ہنگامہ آرائی سے این ایس ایف کالونی کے افراد خوف زدہ ہو گئے۔ مجموعی طورپر آج دوپہر تک شہر کے 35 بلدی حلقوں میں رائے دہی پرامن طورپر جاری رہی۔