بن لادن کا پتہ بتانے والے ڈاکٹرکے برطرف کارکنوں کی بحالی

پشاور 7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی ایک عدالت نے خاتون صحت کارکنوں کو جنھیں بن لادن کا سی آئی اے کو پتہ بتانے والے ڈاکٹرس شکیل آفریدی کی مبینہ مدد کرنے کے الزام میں برطرف کردیا گیا تھا، بحال کردیا۔ ایبٹ آباد کی پشاور ہائی کورٹ کی بنچ نے کل خاتون صحت کارکنوں کی بحالی کے احکام جاری کئے اور کہاکہ اُن کی برطرفی کی تاریخ سے آج تک اُن کے تمام واجبات اور فوائد اُنھیں ادا کئے جائیں۔ بخت بی بی اور آمنہ اُن 17 خاتون صحت کارکنوں میں شامل تھیں جنھیں خیبر پختونخواہ صوبہ کے محکمہ صحت نے فبروری 2012 ء میں برطرف کردیا تھا۔ دیگر 15 خاتون کارکنوں کو قبل ازیں بھی بحال کیا جاچکا ہے۔