بن زاید گروپ کی 12,500 کروڑ کی سرمایہ کاری

صدرنشین شیخ بن زاید سے دوبئی میں تلنگانہ اسپیشل سکریٹری کی ملاقات

حیدرآباد 31 اکٹوبر (سیاست نیوز) دوبئی کی بن زید کمپنی نے تلنگانہ میں 12,500 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کا معاہدہ کیا ہے۔ ہند ۔ متحدہ عرب امارات انوسٹرس کانفرنس میں کئی سرمایہ کاروں نے تلنگانہ سے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ حکومت تلنگانہ کے اسپیشل سکریٹری و دہلی ریزیڈنٹ کمشنر اروند کمار نے آج دوبئی میں بن زید گروپ صدرنشین شیخ خالد بن زید علی سے ملاقات کی اور تلنگانہ کے مختلف پراجکٹس سے واقف کرایا۔ ریاست میں سڑکوں کی تعمیر، حیدرآباد میں تعمیر کئے جانے والے گیم ویو نیمشن ٹاور، موسیٰ ریور ڈیولپمنٹ فرنٹ، مشن بھاگیرتا، تلنگانہ فائبر گرڈ اور دیگر پراجکٹس کا جائزہ لینے کے بعد 12,500 کروڑ روپئے سرمایہ کاری کے معاہدہ پر دستخط کئے گئے۔ شیخ خالد بن زید علی حکومت تلنگانہ کی صنعتی پالیسی سے کافی متاثر تھے اور اُنھوں نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے لئے مختلف پراجکٹس کا جائزہ لینے کیلئے کمپنی کے وفد کو حیدرآباد روانہ کرنے سے اتفاق کیا۔ اس کانفرنس میں اروند کمار نے مختلف کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کی اور پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعہ تلنگانہ کی صنعتی پالیسی، فارما سٹی، لائف سائنس، ایرو اسپیس، آئی ٹی، ٹکسٹائیلز کے بشمول 14 شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع اُجاگر کئے۔ اُنھوں نے صنعتوں کے قیام کے سلسلہ میں رعایتیں اور اراضی و برقی کی سہولتوں کے بارے میں بھی واقف کرایا۔ کمپنیوں کے قیام کے لئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے سنگل ونڈو سسٹم کے ذریعہ دی جانے والی منظوریوں کا بھی تذکرہ کیا۔