بنگلہ دیش نے آئرلینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دی

ڈبلن ۔16 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش نے آئرلینڈ میں جاری سہ رخی سیریز کے چھٹے میچ میں فاسٹ بولر ابوجائید اور بیٹسمینوں کی ذمہ دارانہ کارکردگی کی بدولت میزبان ٹیم کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ڈبلن میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ کے کپتان پورٹرفیلڈ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنر اسٹرلنگ نے شان دار سنچری بنائی تاہم بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے ان کے فیصلے کو غلط ثابت کردیا۔ روبیل حسین نے بنگلہ دیش کو پہلی کامیابی 23 رنز پر دلائی تھی جب 5 رنز پر کھیلنے والے جے اے مک کولم کو آوٹ کیا جس کے بعد بالبیرین 20 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو آئرلینڈکا اسکور 59 رنز تھا۔ ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعدکپتان پورٹر فیلڈ خود بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے اور اسٹرلنگ کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ میں ٹیم کو 233 تک لے کر گئے اس دوران دونوں بیٹسمینوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔ پورٹر فیلڈ94 رنز بناکر سنچری سے محض 6 رنز دور رہے اور ابوجائیدکی وکٹ بن گئے،کپتان کے بعدکیون اوبرائن 3 اورایڈائر 11 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ اسٹرلنگ نے 130 رنزکی اننگز کھیلی اور ان کے آوٹ ہوتے ہی دیگر بیٹسمین اس رفتار کو جاری نہ رکھ پائے۔ آئرلینڈ نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 292 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے ابوجائید نے سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی اوپنرز نے 117 رنز کا آغاز فراہم کیا اور دونوں اوپنرز تمیم اقبال اور لٹن داس نے بالترتیب 57 اور 76 رنز بنائے۔ تجربہ کار آل رانڈر شکیب الحسن نے نصف سنچری بنائی جس کے بعد مشفق الرحیم 35 اور مصدق حسین 14 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں پر 43 اوور میں حاصل کرلیا۔ ابوجائید کو بولنگ میں اچھی کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ خیال رہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم پہلے ہی رواں سیریز کے فائنل میں جگہ بنالی ہے جبکہ پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ویسٹ انڈیز کی ٹیم ہے۔آئرلینڈ اب تک سیریز میں کوئی میچ جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔